نیوزی لینڈ سے شکست اور کھلاڑیوں کا عدم تعاون:وقار یونس نے مستعفی ہونیکی پیشکش کردی

جمعہ 29 جنوری 2016 12:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جنوری۔2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے نیوزی لینڈ میں پے در پے شکست اور کھلاڑیوں کے عدم تعاون سے دلبرداشتہ ہوکر عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کر دی،حالیہ ناکامیوں کے بعد ٹیم میٹنگ میں ہیڈ کوچ کے سخت جملوں نے ڈریسنگ روم کا ماحول تناوٴ کا شکار کردیا، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ میں اعتماد کی فضا کا فقدان نظر آتا ہے، اگر صورتحال یہی رہی تو ایشیاکپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی سے قبل ڈریسنگ روم کا ماحول خوشگوار بنانا مشکل ہوجائے گا، اس کے منفی اثرات سے پاکستان ٹیم کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی،میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی عہدیدار نے بتایا کہ وقار یونس کو شدت سے احساس ہوتا ہے کہ کرکٹرز ملک کے بجائے صرف اسکواڈ میں اپنی جگہ پکی کرنے کیلئے کھیل رہے ہیں اور پاکستانی کیمپ میں خوشگوار فضا موجود نہیں ہے ،عہدیدار نے مزید بتایا کہ نیوزی لینڈ کے ساتھ ٹی ٹونٹی سیریز کی شکست نے پلیئرز اور مینجمنٹ دونوں کو دلبرداشتہ کیا، ایک اچھا آغاز ملنے کے بعد ٹیم کارکردگی کا تسلسل برقرار نہیں رکھ پائی، وقار یونس اور ان کے معاون سٹاف کا خیال ہے کہ بولرز نے پلان کے مطابق گیندیں نہیں کیں جبکہ کئی بیٹسمین صرف اپنے لیے پرفارم کرتے نظر آئے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق ٹیم میٹنگ میں وقار نے کھلاڑیوں سے سوال کیا کہ میں ایسا کیا بتا رہا ہوں جو آپ لوگوں کی سمجھ میں نہیں آ رہا،اگر آپ لوگ کہتے ہیں تومیں استعفیٰ دینے کو بھی تیار ہوں،رپورٹ کے مطابق سلیکشن کمیٹی کا اجلاس بھی ہو رہا ہے جس میں پی سی بی حکام ،سینئر کھلاڑی ،ٹی ٹونٹی کے کپتان شاہد آفریدی شریک ہوں گے تاہم اس اجلاس میں وقار یونس شریک نہیں ہوں گے ان سے بذریعہ ٹیلی فون رائے لی جائے گی، عہدیدار کے مطابق وقار یونس اور ان کے معاونین نے 2014 میں ذمہ داریاں سنبھالنے سے اب تک تیسری بار عہدے چھوڑنے کی دھمکی دی ہے،اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان راشد لطیف نے کہاکہ کھلاڑی اور مینجمنٹ دونوں توقعات کا بوجھ نہیں سہہ پائے، پی سی بی وقار یونس سے مثبت نتائج کا تقاضا کررہا ہوگا جس پر انھوں نے اپنی بھڑاس پلیئرز پر نکال دی،موثر اقدامات سے سب کو لے کر چلنا اہم ہوتا ہے، ہیڈکوچ اس معاملے میں پیچھے رہ گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :