ملک میں زِکا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے سلسلے میں حکومت کا ساتھ دیں:برازیل کی صدر نے عوام سے اپیل کردی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 29 جنوری 2016 14:48

ملک میں زِکا وائرس کے پھیلاو  کو روکنے کے سلسلے میں حکومت کا ساتھ دیں:برازیل ..

برازیل(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 جنوری۔2016ء)برازیل کی صدر دلما روسف نے عوام سے کہا ہے کہ وہ ملک میں زِکا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے سلسلے میں حکومت کا ساتھ دیں۔صدر روسف کی جانب سے یہ اپیل عالمی ادارہ صحت کے اس اعلان کے بعد سامنے آئی ہے کہ اس وائرس سے لاحق خطرات اب ہنگامی صورتحال کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔انھوں نے کہا ہے کہ یہ وائرس پھیلانے والے مچھروں کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم وفاقی سطح پر فوج اور اپنے تمام حکام کو متحرک کر رہے ہیں اور یہ یہی ریاستی اور میونسپلٹی کی سطح پر کیا جائے گا۔ مچھر نہ تو اس ملک سے طاقتور ہیں اور نہ ہو سکتے ہیں جو ان کے خطرے سے آگاہ ہے۔برازیلی صدر نے اپنے وزیرِ صحت کی جانب سے گذشتہ ہفتے دیے گئے اس بیان کو بھی مسترد کر دیا کہ برازیل زکا وائرس کے خلاف لڑائی ہار رہا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر زِکا وائرس کی ویکسین پر کام کرنے والے سائنسدانوں نے بھی کہا ہے کہ یہ ویکسین ماضی کے اندازوں کے برعکس ایک برس کے اندر اندر تیار کی جا سکتی ہے۔ویکسین کی تیاری پر کام کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس وقت ویکسین کا تجربہ چھوٹے جانوروں پر کیا جا رہا ہے انسانوں پر اس ویکسین کے تجربے کا عمل رواں برس کی آخری ششماہی میں شروع کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب برازیل میں وکلا، حقوقِ انسانی کے کارکنوں اور سائنسدانوں نے زِکا وائرس سے متاثرہ خواتین کو اسقاطِ حمل کی اجازت دلوانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔برازیل نے زکا وائرس کا پہلا کیس جنوبی امریکہ میں مئی 2015 میں رپورٹ کیا تھا اور ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ برازیل میں ایک اندازے کے مطابق پانچ سے 15 لاکھ افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔برازیلی وزارتِ صحت نے اس بیماری کی وجہ سے غیر معمولی طور پر چھوٹے سر والے بچوں کی پیدائش کے 270 واقعات کی تصدیق کی ہے جبکہ ایسے 3448 واقعات کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔