حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا اجلاس ،بھارتی ریاستی دہشت گردی ، حریت رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید مذمت

عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے، جائز حقوق دلانے کیلئے کردارادا کرنے کا مطالبہ

جمعہ 29 جنوری 2016 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔حریت کانفرنس کا اجلاس کنوینر میرطاہر مسعود کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے سیاسی نظربندوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ ان مظالم کا سخت نوٹس لے اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق ک پامالیاں بند کرانے اور کشمیریوں کو انکے جائز حقوق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اجلاس میں حریت رہنماء مختار احمد وازہ کی گرفتاری کی شدید مذمت اور انکی گرتی ہوئی صحت پر تشویش ظاہر کی گئی ۔ کشمیری رہنماؤں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو فوری طورپر رہا کرے ۔ اجلاس میں سید یوسف نسیم ، حسن البناء ، اعجاز رحمانی اور محمد شفیع نے شرکت کی ۔