پرویز الہٰی دور کا ہرمنصوبہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تھا،میاں منیر

اورنج لائن متاثرین کے حق میں پنجاب اسمبلی میں بھی آواز بلند کرینگے،خدیجہ فاروقی ایم پی اے چوہدری پرویز الہٰی کا 5سالہ دور عوامی خدمت کا سنہرا اور کرپشن فری دور تھا،ناصر رمضان گجر

جمعہ 29 جنوری 2016 18:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ لاہور کے آرگنائزر میاں منیرسابق ایم این اے نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی دور کا ہرمنصوبہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تھا اگر ہمیں دوبارہ موقع دیا گیا تو ہم عوامی خدمت کا سفر وہیں سے شروع کرینگے جہاں سے2007میں رکا تھا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا ورنج ٹرین منصوبے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ ہاؤس میں اپنی زیر صدارت اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں خدیجہ فاروقی ایم پی اے، ناصر رمضان گجر ،آمنہ الفت،شہزاد الہٰی قیصر رشید، رانا ریاض، چوہدری اشرف، میاں کامران سیف ،سہیل چیمہ،شیخ عمر،سجاد بلوچ،شہزاد خان و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ مورخہ 2فروری بروز منگل کو چوہدری پرویز الہیٰ کی ہدایت پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ اورنج ٹرین منصوبہ کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کیا جائے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خدیجہ عمر فاروقی ایم پی اے نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبہ کے متاثر ین سڑکوں پر ذلیل و خوار ہورہے ہیں،انہیں بے گھر کیا جارہا ہے اس منصوبہ کی راہ میں آنے والے تاجروں کے کاروبار تباہ اور وہ معاشی بدحالی کا شکار ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں نہ ہی انہیں ان کی قیمتی جائیدادوں کا معاوضہ دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اورنج لائن متاثرین کے حق میں پنجاب اسمبلی میں بھی آواز بلند کرینگے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری اطلاعات ناصر رمضان گجر نے کہا کہ پنجاب کے حکمران چوہدری پرویز الہٰی کے منصوبہ ریسکیو 1122،ایمرجنسی میں مفت دوائیوں کی فراہمی یا پٹرولیم پولیس کے نظام کی طرح دکھا دیں۔ہمارا 5سالہ دور عوامی خدمت کا سنہرا اور کرپشن فری دور تھا اس دور میں عوام کے تحفظ حاصل تھا اور خودکش دھماکوں کا نام ونشان تک نہ تھا اور ہرادارہ اپنا اپنا کام کررہا ہے۔