لاہور،سکولوں کی سکیورٹی بارے سی سی پی او کی زیر صدارت اجلاس

تمام ایس پیزاپنے دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے اپنی ڈویژن کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں،کیپٹن (ر) محمد امین وینس

جمعہ 29 جنوری 2016 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 جنوری۔2016ء) سکولوں کی سکیورٹی کے حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفسر نے اجلاس منعقد کیا جس میں شہر کے سکولوں کی سکیورٹی کو فل پروف بنانے اور سکیورٹی کو مزید بڑھانے کے حوالے سے بات کی گئی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینشن آفیسر کیپٹن (ر) محمد عثمان اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر شہرکے داخلی اور خارجی راستوں پر سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ میٹل ڈئیکٹر سے چیکنگ کے بعد گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی شک گذرنے پر سواریوں کو گاڑیوں سے اتار کر مکمل تلاشی کے بعد ہی داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ایس پیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے اپنی ڈویژن کی سکیورٹی کی خود نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی اچانک سکیورٹی چیک کرنے کے مختلف ڈویژنوں کا دورہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے معاملے میں وہ کسی قسم کی رعایت کے قائل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و اہلکاروں کو واضع طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ سکیورٹی کے معاملے میں کسی کی معمولی سی غفلت اور لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بڑی سے بڑ ی غلطی کو معاف کرسکتا ہوں مگر سکیورٹی کے معاملے میں لاپرواہی اور غفلت برداشت نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں لگائے گئے ناکے اور چیک پوسٹوں سے اگرچہ شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا انہیں حساس ہے مگر شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے۔ اس کے مکمل خاتمہ کے لیے عوام الناس کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے عوام الناس میں آگاہی اور احساس زمہ داری پیدا کرنے کے لئے میڈیا اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ساری قوم یک جا ہوکر اس جنگ میں شامل ہوگی تب ہی اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑا جاسکے گا۔

متعلقہ عنوان :