وفاقی حکومت کا تمام ریٹائرڈ وفاقی سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ ،پہلے مرحلے میں 31 مارچ سے قبل گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام وفاقی ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو بینک اکاؤنٹس میں پنشن منتقل کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا

جمعہ 29 جنوری 2016 18:34

وفاقی حکومت کا تمام ریٹائرڈ وفاقی سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی ..

اسلام آباد ۔ 29 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جنوری۔2016ء) وفاقی حکومت نے پنشن کی ادائیگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ریٹائرڈ وفاقی سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،پہلے مرحلے میں 31 مارچ سے قبل گریڈ 17 سے 22 تک کے تمام وفاقی ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کوان کے فراہم کردہ بینک اکاؤنٹس میں پنشن منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کیا جائیگا ۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس ضمن میں نیشنل بینک کی تمام برانچوں میں سہولیاتی کاؤنٹر قائم کئے جا رہے ہیں جہاں پر اس سہولت سے مستفید ہونے کے بارے میں مکمل معلومات اور ضروری دستاویزات دستیاب ہوں گی۔ اس کے علاوہ اے جی پی آر کے قریبی دفتر سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پنشن کے حصول کے نئے نظام کے تحت پنشن کی ادائیگی ماہانہ بنیادوں پر تنخواہ کی طرز پر ہوگی۔

ماہانہ پنشن براہ راست پنشن کے ایک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی۔ پاکستان میں کسی بھی بینک کی برانچ میں پنشن اکاؤنٹ کھلوانے کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ پنشن کی وصولی اب پنشن بل کے جھنجھٹ کے بغیر ہوگی۔ اس کے علاوہ چیک یا اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے پنشن وصول کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ حصول پنشن کے نئے نظام (ڈی سی ایس) پر منتقلی کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ بینک سے تصدیق شدہ آپشن فارم، 20 روپے کے اسٹام پیپر پر انڈیمنٹی بانڈ نوٹری پبلک سے تصدیق کی کاپی اور فیملی پنشن کی صورت میں بیوہ کے نان میرج سرٹیفیکیٹ کی کاپی سمیت مطلوبہ کاغذات اے جی پی آر میں جمع کروانا ہوں گے۔

مطلوبہ کاغذات اے جی پی آر کی ویب سائیٹ www.cga.gov.pk اور www.agpr.gov.pk کی ویب سائیٹس پر حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اے جی پی آر کے تمام دفاتر سے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ یہ کاغذات اے جی پی آر کے دفتر کو جمع کروا کر بینک سے اپنے پنشن کاغذات کی واپسی کے لئے مراسلہ حاصل کریں اور بینک سے اپنے پنشن کاغذات کی واپسی یقینی بنائیں۔ جمع شدہ فارمز اور پنشن کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد پنشن کی رقم متعلقہ بینک برانچ میں منتقل ہونا شروع ہو جائے گی جسے پنشنر چیک یا اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے نکلوا سکیں گے۔ ذرائع کے مطابق 31 مارچ 2016ء کے بعد گریڈ 17 سے 22 کے پنشنرز کی پنشن کی ادائیگی پنشن بک سے نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :