اسلام آباد کے سکولوں اور کالجوں میں ویڈیو لیکچر متعارف کروانے سے اساتذہ کو سبق کی تیاری میں مدد ملے گی ٗ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

طلبا ء اور طالبات پڑھائی میں مستفید ہوں گے ٗ وزیر مملکت کا تقریب سے خطاب

جمعہ 29 جنوری 2016 18:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے سکولوں اور کالجوں میں ویڈیو لیکچر متعارف کروانے سے نہ صرف اساتذہ کو سبق کی تیاری میں مدد ملے گی بلکہ اس سے طلبا ء اور طالبات پڑھائی میں مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی نظامت تعلیمات اور سبق فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں کیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ کل کے انفارمشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے دور میں طلباء کا اپنی تعلیم میں ٹیکنالوجی سے مدد حاصل کرنا انتہائی اہم ہے اور سبق فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ویڈیو لیکچر طلباء کے لیے مددگار ثابت ہوں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی نظامت تعلیمات کے ماتحت کام کرنے والے سکولوں اور کالجوں کو سبق فاؤنڈیشن کے تیار کردہ ویڈیو لیکچر مہیا کرنے کے ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔

وفاقی نظامت تعلیمات کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل معین الدین وانی جبکہ سبق فاؤنڈیشن کی طرف سے اقبال مصطفی خان نے یاداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین سبق فاؤنڈیشن اقبال مصطفی خان نے کہا کہ سبق فاؤنڈیشن کا بنیادی مقصد پاکستان کے سرکاری سکولوں کے طلباء اور طالبات کو ویڈیو لیکچر کے ذریعے پڑھائی میں مدد فراہم کرنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان کے لیکچر فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ سے مفت حاصل کئے جاسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :