وزارت کیڈ ، مواصلات اور صنعت میں دفاتر پر قبضے کا تنازع شدت اختیار کر گیا

کیڈ حکام مجسٹریٹ لے آ ئے ، دفاترپھر بھی خالی نہ ہوسکے ، وزارت کیڈ پاک سیکرٹریٹ کے ڈی بلا ک کا فرسٹ اور سیکنڈ فلور اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے ، صنعت اور مواصلات کی وزارت کے دفاترمیں گزشتہ تین ہفتوں سے تالے پر تالے بھی لگارکھے ہیں،ذرائع

جمعہ 29 جنوری 2016 20:09

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) وزارت کیپیٹل ایڈمنسٹریشن و ڈویلپمنٹ( کیڈ) ، مواصلات اور صنعت میں دفاتر پر قبضے کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا، وزارت کیڈ دفاتر خالی کرانے کیلئے مجسٹریٹ لے آئی لیکن اس کے باجود کے دفاتر خالی نہ کرائے جا سکے، پاک سیکرٹریٹ کے ڈی بلا ک کا فرسٹ اور سیکنڈ فلور وزارت کیڈ اپنے پاس رکھنا چاہتی ہے ،وزارت کیڈ نے صنعت اور مواصلات کی وزارت کے دفاترمیں گزشتہ تین ہفتوں سے تالے پر تالے لگارکھے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ذرائع کے مطابق سیکرٹری کیڈ خالد حنیف نے ڈی بلا ک کے فرسٹ اور سیکنڈ فلور سے وزارت مواصلات اور وزارت صنعت کے دفاتر خالی کرانے کے لئے علاقہ مجسٹریٹ کو بلایا اور کہا کہ مذکورہ وزارتوں کے دفاتر میں لگے تالے توڑ دیے جائیں اور دفاتر میں موجود ان کا ریکارڈ تحویل میں لیا جائے ، لیکن اس دوران مواصلات اور صنعت کی وزارتوں کے حکام نے علاقہ مجسٹریٹ کو 19 جنوری کو دفاتر خالی کرانے کے معاملے پر وزارت ہاوسنگ میں ہونیو الی میٹنگ کا فیصلہ دکھایا جس میں مواصلات اور صنعت کی وزارت کو دفاتر الاٹ کرنے کا لکھا گیا تھا ،جس پر وزاررت کیڈ نے مجسٹریٹ کو کابینہ ڈویژن کا فیصلہ دکھایا جس میں یہ دفاتر وزارت کیڈ کو الاٹ کئے گئے ہیں ، ذرائع کے مطابق دفاتر کی الاٹمنٹ کے معاملے پر تین مختلف قسم کے فیصلے موجود ہونے کے باعث علاقہ مجسٹریٹ بغیر کسی کارروائی کے واپس چلے گئے اور تین ہفتے گزرنے کے باجود وزارت صنعت اور مواصلات کے بعض دفاتر ابھی تک کھل نہیں سکے اور وہاں بدستور تالے پر تالے لگے ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :