Live Updates

تحریک انصاف الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے تحریری طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کردیا،چیئرمین تحریک انصاف پر کسی بھی امیدوار کی حمایت پر پابندی عائد،انتخابی مہم کے دوران جلسے' جلوسوں کا انعقاد ممنوع قرار

گروہ بندی' بد عنوانی' دھاندلی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزائیں دی جائینگی ،خلاف ضابطہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی صورت میں انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے نا اہلیت،پارٹی ٹکٹ سے محرومی اور بنیادی رکنیت کے اخراج جیسی سزائیں دی جائینگی، ضابطہ اخلاق کے نکات

جمعہ 29 جنوری 2016 20:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے تحریری طور پر انتخابی ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو سیکرٹری الیکشن کمیشن کرنل ریٹائرڈ خالد ظہور کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق میں صاف شفاف اور غیر جانبدار انداز میں انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کیلئے مندرجہ ذیل اہم اصول مرتب کیے گئے ۔

چیئرمین تحریک انصاف پر انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ لینے والے کسی بھی امیدوار کی حمایت پر مکمل پابندی عائدہوگی ۔انتخابی مہم کے دوران جلسے' جلوسوں کا انعقاد ممنوع قراردیا گیا ہے۔ وال چاکنگ' بل بورڈز' آتش بازی , انتخابی ضیافتوں اور ووٹوں کی خرید و فروخت بھی منع ہو گی۔

(جاری ہے)

امیدوارمحض سوشل میڈیا' انفرادی ملاقاتوں اور عمومی سائز کے پمفلٹس کے ذریعے ہی انتخابی مہم چلا سکیں گے ۔

کسی بھی سطح کے انتخابات کیلئے گروہ بندی اور پینلز کی تشکیل پر بھی مکمل پابندی ہوگی ۔ گروہ بندی' بد عنوانی' دھاندلی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت سزائیں دی جائینگی۔خلاف ضابطہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی صورت میں انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے نا اہلیت' پارٹی ٹکٹ سے محرومی اور بنیادی رکنیت کے اخراج جیسی سزائیں دی جائینگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تعینات کردہ مبصرین انتخابی مہم اور عمل کے جائزے/نگرانی کے مجاز ہونگے۔ الیکشن کمیشن انتخابی تنازعات کے حل کیلئے غیرجانبدار' متحرک اور تیز تر وسائل بھی فراہم کریگا۔ انتہائی جامع نکات کا حامل ضابطہ اخلاق چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی سے منظوری کے بعد جاری کیا گیا، جسے فوری طور پر نافذ العمل قرار دیا گیا ہے۔

انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں اور ان کے حامیوں پر لازم ہے کہ وہ اس ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکشن کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے جماعت کے اندر انتخابات کے انعقاد کیلئے انتہائی جامع اور موثر ضابطہ اخلاق نہ صرف مرتب کیا بلکہ اس کے نفاذ کیلئے بھی قابل ذکر اقدامات اٹھائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات