نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کی غیر ملکی فنڈنگ کے نکتے پر عمل در آمد تیز ،نیکٹا کی فنڈز کی چھان بین کے لئے ایف آئی اے کے ذریعے کارروائی

دینی مدارس کو سعودی عرب، ایران ،عراق ، یو اے ای، کویت ، قطر اور ترکی سے امداد ملتی ہے، ایف آئی اے نے مدارس کی آمدن ، اخراجات، بینک اکاؤنٹس کی چیکنگ سمیت دیگر ڈیٹا حاصل کرنا شروع کر دیا ، غیر رجسٹرڈ اور انتہا پسندی میں ملوث 182 مدارس بندکردیئے گئے ، سرکاری اعدا دو شمارمیں انکشاف

جمعہ 29 جنوری 2016 21:18

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کی غیر ملکی فنڈنگ کے نکتے پر عمل در آمد کو تیز کردیا گیا ہے ،قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا)نے مدارس کی بیرونی فنڈنگ کی چھان بین ایف آئی اے کے ذریعے کروانی شروع کر دی ، ایف آئی اے نے غیر ملکی فنڈنگ حاصل کرنے والے مدارس کی آمدن اور اخراجات کے کھاتوں کی چیکنگ سمیت ان کے بنک اکاوئنٹس کا ڈیٹا بھی حاصل کرنا شروع کر دیا ہے، دینی مدارس کو سعودی عرب، ایران ،عراق ، یو اے ای، کویت ، قطر اور ترکی سے امداد ملتی ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر کے285 مدارس بیرون ملک سے فنڈ ز لیتے ہیں ان میں پنجاب کے147 ، سندھ کا 01،کے پی کے کے 12،بلوچستان کے 30 اور گلگت بلتستان کے95 مدارس شامل ہیں، ان مدارس کو سعودی عرب، ایران ،عراق ، یو اے ای، کویت ، قطر اور ترکی سے امداد ملتی ہے، ذرائع کے مطابق نیکٹا نے چاروں صوبوں کے مدارس کی فنڈنگ کی چھان بین کے لئے ایف آئی اے کو خطوط لکھنا شروع کر دیے ہیں اور ایف آئی اے نے متعدد مدارس کے کھاتوں کی چیکنگ اور ان کے بنک اکاوئنٹس کا ڈیٹا حاصل کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے ، ایف آئی اے مدارس کی انتظامیہ سے فنڈز کے آڈٹ کی رپورٹس سمیت ان کے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کر رہی ہے تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جا سکے کے غیر ملکی فنڈنگ کن مقاصد کے لئے استعمال کی جا رہی ہے ، ایف آئی اے نیکٹا کو ہر مدرسے کی الگ الگ رپورٹ ارسال کرے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کچھ ایسے مدارس بھی ہیں جنھوں نے بیرون ملک سے فنڈز حاصل کرنے کے لئے وزارت داخلہ سے این او سی لے رکھا ہے۔ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر رجسٹرڈ اور دہشت گردی اور انتہا پسندی میں ملوث 182 مدارس کو بند کرایا گیا ہے،بند کرائے گئے مدارس میں پنجاب کے 02،سندھ کے 167 اور کے پی کے کے 13 مدرسے شامل ہیں۔