مستونگ میں فورسز کی کارروائی،کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 7 دہشتگرد مارے گئے

ہفتہ 30 جنوری 2016 11:19

مستونگ میں فورسز کی کارروائی،کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 7 دہشتگرد ..

مستونگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء ) مستونگ کے نواحی علاقے کلی دتو اورکانک میں فورسز کی کارروائی میں7 دہشتگرد مارے گئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے مستونگ کے نواحی علاقے کِلی دتو میں چھاپہ مارا جہاں کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن میں کالعدم تنظیم کا ایک اہم کمانڈر بھی شامل تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مستونگ کے علاقے کانک میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کردی ، فورسز کی جوابی فائرنگ سے 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا قافلہ کوئٹہ سے کارروائی کے لیے درین گڑھ جا رہا تھا کہ کانک کے مقام پر گھات لگائے دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان تقریبا 1 گھنٹے تک فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ، سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا ۔