ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی 20 کے لیے باقاعدہ سکواڈ کا اعلان کردیا، سنیل نرائن بھی سکواڈ میں شامل

ہفتہ 30 جنوری 2016 15:24

ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی 20 کے لیے باقاعدہ سکواڈ کا اعلان کردیا، سنیل نرائن ..

انٹیگا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی 20 کے لیے باقاعدہ اسکواڈ کا اعلان کردیا ، ڈیرن سیمی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ باوٴلنگ پر پابندی کے شکار سنیل نرائن کو بھی 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ بھارت جانے والی دنیا کی نمبر ایک ٹی20 ٹیم میں شامل 11 کھلاڑی ایسے ہیں جو چار سال قبل سری لنکا میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سنیل نرائن کو پابندی کے باوجود ٹیم میں شامل کرکے حیران کن فیصلہ کیا ہے۔27 سالہ سنیل نرائن کو گزشتہ برس نومبر میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک باوٴلنگ ایکشن کی نشاندہی پر آئی سی سی نے بین الاقوامی مقابلوں میں باوٴلنگ سے معطل کردیا تھا۔ویسٹ انڈیز کا ورلڈ ٹی20 اسکواڈ 22 فروری سے 6 مارچ تک تربیتی کیمپ کے لیے متحدہ عرب امارات میں جمع ہوگا جہاں سے 7 مارچ کو بھارت روانہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ورلڈ ٹی20 کے پہلے گروپ میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ انگلینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی۔اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں ڈیرن سیمی(کپتان)، سیموئیل بدری، کرس گیل، سلیمان بین، ڈیرن براوو، ڈیون براوو، آندرے فلیچر، جیسن ہولڈر، سنیل نرائن، کیرون پولارڈ، دنیشن رام دین، آندرے رسل، مارلن سیموئلز، لینڈل سمنز اور جیروم ٹیلر شامل ہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 8 مارچ سے 3 اپریل تک بھارت میں کھیلا جائے گا ۔