ماسٹرز چیمپئنز لیگ : لیو لائنز اور سیگی ٹیریئس نے اپنے اپنے میچ جیت لیے

ہفتہ 30 جنوری 2016 15:24

ماسٹرز چیمپئنز لیگ : لیو لائنز اور سیگی ٹیریئس نے اپنے اپنے میچ جیت ..

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء)یو اے ای میں جاری ماسٹرز چیمپئنز لیگ میں لیو لائن اور سیگی ٹیریئس اسٹرائیکرز نے اپنے میچ جیت لئے۔ دونوں ٹیمیں چھبیس‘ چھبیس رنز سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق برائن لارا کی لیو لائنز نے پال کالنگ وڈ کی کیپری کون کمانڈرز کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر ایک سو چھپن رنز بنائے۔

کپتان لارا تو آٹھ رنز بنا سکے لیکن جوہان بوتھا نے انتیس گیندوں پر بیالیس رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کے عبدالرزاق نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جیتن پٹیل اور کلین ویلٹ کے حصے میں دو‘ دو وکٹیں آئیں۔ جوابی اننگز میں کالنگ وڈ کی ٹیم صرف ایک سو تیس رنز تک محدود ہو گئی۔ ایشویل پرنس کے چونتیس رنز کے علاوہ اور کوئی بیٹسمین نہ چلا۔

(جاری ہے)

عبدالرزاق بھی صرف سات رنز بنا سکے۔

گریم اسمتھ کی ٹیم ورگو سپر کنگز کے خلاف میچ میں ایڈم گلکرسٹ کی ٹیم سیگی ٹیریئس اسٹرائیکر کے جے وردھنے کے شاندار انہتر رنز کی بدولت ایک سو اٹھاون رنز کا ہدف دیا۔جوابی اننگز میں اظہر محمود نے اکتیس گیندوں پر اکاون رنز بنائے لیکن ورگو ٹیم کے کام نہ آئے۔ ٹیم مقررہ اوورز میں ایک سو اکتیس رنز ہی بنا پائی۔ آج جیمنائی اریبیئنز کا سامنا لیو لائنز سے جبکہ سیگی ٹیریئس اسٹرائیکرز کا مقابلہ کیپری کون کمانڈرز سے ہو گا۔