Live Updates

تحریک انصاف نے وزیر اعظم کے تیل قیمتوں میں پانچ روپے کی کمی کے اعلان کو بھونڈا مذاق قراردیدیا

ہفتہ 30 جنوری 2016 16:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں پانچ روپے کی کمی کے اعلان کو عوام سے بھونڈا مذاق قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کے رویے سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ کسی صورت عوام کو سہولت فراہم کرنے کو تیار نہیں۔

اوگرا نے حکومت کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اکیس فیصد تک کمی کی سفارش کی تھی تاہم حکومت نے اوگرا کی سفارشات کو مسترد کر کے انتہائی ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی سے سستا تیل خرید کر عوام کو مہنگے داموں فروخت کرنے کے حکومتی رویے کو عوام پر ظلم کے علاوہ کیا نام دیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے کبھی تصور نہیں کیا تھا کہ مسلم لیگ نواز پیسے کی محبت میں اس حد تک آگے بڑھ جائے گی کہ اسے عوام کی مشکلات کا بالکل کوئی اندازہ نہ رہے گا اور وہ پیسے کمانے کی غرض سے عوام کے معاشی قتل عام تک سے گریز نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اور وفاقی حکومت تیل کی قیمتوں میں برائے نام کمی کے اعلان کی بجائے کم از کم اوگرا کی سفارشات کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کریں اور عوام کو سستا تیل فراہم کر کے ان کی مشکلات میں کمی لائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے براہ راست اثرات اشیاء ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑتے ہیں چنانچے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کے تیل کی قیمتوں میں کمی لا کر عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نجات دلائے۔ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان نے وزیراعظم سے تیل پر عائد ناروا ٹیکسوں کی شرح میں نمایاں کمی لانے کا بھی مطالبہ کیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :