انڈر 19ورلڈ کپ : شاہینوں کی فاتحانہ پرواز جاری

کینیڈا کو باآسانی 7وکٹوں سے شکست دیکر ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی اوپنر ذیشان ملک نے89 رنز کی نہایت شاندار اور ناقابل شکست اننگز کھیلی او ر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا ، سیف بدر کے 44رنز ،حسن خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، پاکستان تیسرا میچ 3فروری کو سری لنکا سے کھیلے گا

ہفتہ 30 جنوری 2016 17:13

انڈر 19ورلڈ کپ : شاہینوں کی فاتحانہ پرواز جاری

سلہٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) بنگلادیش میں کھیلے جارہے انڈر نائینٹین ورلڈ کپ میں پاکستان نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی پاکستان نے دوسرے میچ میں کینیڈا کے خلاف باآسانی سات وکٹوں سے فتح سمیٹ لی۔پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ٹاس کینیڈا کے کپتان نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا پاکستان نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری کینیڈین ٹیم کو 178 رنز پر چلتا کر دیا کینیڈا کی جانب سے اوپنر ادھیہیٹی نے51 جبکہ ارباش خان نے44 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کی جانب حسن خان نے تین اور شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ احمد شفیق اور حسن محسن کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کرلیا اوپنر ذیشان ملک نے89 رنز کی نہایت شاندار اور ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ سیف بدر بھی44 رنز بنا کر نمایاں رہے کینیڈا کی جانب سے لوتھرا ،سلیمان خان اور گل نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

(جاری ہے)

مین آف دی میچ کا ایوارڈ پاکستان کی جانب سے ناقابل شکست 89 رنز اسکور کرنے والے بیٹسمین ذیشان ملک کو دیا گیا۔یاد رہے پاکستان نے اپنا پہلا میچ افغانستان سے جیتا تھا اور اب کینیڈا کو بھی شکست دے دی ہے مگر اب اصل امتحان اگلے میچ میں ہوگا جو تین فروری کو سری لنکا سے شیر بنگلا اسٹیڈیم میر پور میں کھیلا جائے گا۔ ۔

متعلقہ عنوان :