کائٹ فلائنگ فیسٹیول کی بحالی سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدن ہوگی جو ترقیاتی منصوبوں کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے،خواجہ ندیم سعید وائیں

ہفتہ 30 جنوری 2016 18:12

کائٹ فلائنگ فیسٹیول کی بحالی سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدن ہوگی جو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر اور کائٹ فلائنگ فیسٹیول کے بانی خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا ہے کہ کائٹ فلائنگ فیسٹیول کی بحالی سے حکومت کو اربوں روپے کی آمدن ہوگی جو ترقیاتی منصوبوں کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے لہذا اس معاملے کا جائزہ لینے کے لیے ایم این اے حمزہ شہباز شریف شریف کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحیٰ کمیٹی قائم کی جائے۔

ایک بیان میں خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ فیسٹیول لاکھوں سیاحوں کو پنجاب میں کھینچ لائے گا جس سے حکومت کو بھاری آمدن ہوگی جبکہ بے روزگار لوگوں کے گھروں کا چولہا بھی جلے گا۔ خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ فیسٹیول ایک میگا منصوبہ ثابت ہوگا لہذا ایم این اے حمزہ شہباز کی سربراہی میں فوراً ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس سلسلے میں کام کا آغاز کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ کے متعلق انتہائی منفی اثرات پائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے غیرملکی سیاحوں نے پاکستان کا رُخ کرنا چھوڑ دیا ہے جس کی وجہ سے سیاحت کی صنعت تباہ و برباد ہوگئی ہے اور غیرملکی سرمایہ کاری میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے برعکس وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف صوبے کی حالت سدھارنے، صنعت و تجارت اور غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بہترین اقدامات اٹھارہے ہیں لیکن یہ ضروری ہے کہ عالمی برادری کو اُن کی کاوشوں سے بھرپور آگاہی حاصل ہو ، کائٹ فلائنگ فیسٹیول، کائٹ سٹی/ کائٹ فلائنگ زون اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے کیونکہ یہ دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے بہت کشش کا باعث ہوگا۔

خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ چند سال قبل صوبہ پنجاب میں کائٹ فلائنگ فیسٹیول ہوتا تھا جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں سیاح صوبہ پنجاب میں آتے تھے جبکہ اس فیسٹیول کے صرف دو دنوں میں پانچ سے سات ارب روپے کی تجارتی و معاشی سرگرمیاں عمل میں آتی تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ فیسٹیول میں شرکت کرنے والے غیرملکی سیاح دنیا بھر کو پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب کا انتہائی خوبصورت چہرہ دکھاتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چند مفاد پرست عناصرکی وجہ سے کائٹ فلائنگ کا بے ضرر کھیل قاتل بن گیا اور انتہائی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان مفاد پرست گھناؤنے عناصر کا محاسبہ کیا جاتا تو قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع باآسانی روکا جاسکتا تھا لیکن کائٹ فلائنگ فیسٹیول پر پابندی لگا دی گئی جس سے غیرملکی سیاحوں کا آنا بند ہوگیا، پاکستان دشمن عناصر کو ملک کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد زہریلا پراپیگنڈا کرنے کا موقع ملا جس کی وجہ سے ہماری ساکھ خراب ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف شہر سے باہر کائٹ فلائنگ زون قائم کردیں اور اس کا انتظام پنجاب حکومت اور نجی شعبے کے نمائندوں کو سونپ دیں تو کائٹ فلائنگ کی وجہ سے انسانی جان کے ضیاع کا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا اور ایک مرتبہ پھر کائٹ فلائنگ فیسٹیول دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں سیاح پنجاب میں آئیں گے جس سے صوبہ پنجاب کا نام دنیا بھر میں روشن ہوگا۔