فیصل آباد ، غیر حاضر اور ناقص کارکردگی کے حامل ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہونی چاہئے ،ڈی سی او نور الامین مینگل کی ہدایت

ہفتہ 30 جنوری 2016 22:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) ڈی سی او نور الامین مینگل نے ہدایت کی ہے کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں ‘ رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت پر غیر حاضر اور ناقص کارکردگی کے حامل ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کے خلاف سخت ترین محکمانہ کارروائی ہونی چاہئے اس ضمن میں ملازمت سے برخاستگی اور تنخواہ کی بندش کی سزائیں دی جائیں ‘ محض جواب طلبی سے اصلاح ممکن نہیں ۔

انہوں نے یہ ہدایت ڈسٹرکٹ ہیلتھ ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں تحصیل ہسپتالوں ‘ رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت سے متعلق مانیٹرنگ رپورٹس کا جائزہ لیا گیا ۔ ڈی ایم او صنم گوندل نے ہیلتھ سیکٹر ریفارمز پروگرام کے تحت چیف منسٹر روڈ میپ سے متعلق اہداف کے حصول اور نظم و نسق کے بارے میں آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

ڈی او ہیلتھ نوازش علی گورایہ اور محکمہ صحت کے دیگر ڈاکٹرز کے علاوہ پی آر ایس پی کے ڈسٹرکٹ سپورٹ مینجر محمد افضل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈی سی او نے واضح کیا کہ اگر غیر حاضر اور کام چور سٹاف کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل نہ لائی گئی تو متعلقہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور محکمہ صحت کے افسران محکمانہ ایکشن کی زد میں آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق حکومت پنجاب کے اقدامات پر سو فیصد عملدرآمد کے سلسلے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور مراکز صحت پر سٹاف سمیت ضروری ادویات کی دستیابی ‘طبی مشینری کی چالو حالت میں موجود گی ‘ صفائی ستھرائی اور اعلی نظم و نسق برقرار رکھنے میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے ۔

انہوں نے مانیٹرنگ سٹاف سے کہا کہ وہ زمینی حقائق کے مطابق رپورٹس مرتب کریں اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید طریقہ کو بروئے کار لایا جائے ۔ ڈی سی او نے رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت پر یوٹیلٹی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی کمیابی کی صورت میں پیشگی مطلع کیا جائے تاکہ بروقت انتظام ہو سکے

متعلقہ عنوان :