وزیراعلیٰ سے جہلم میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے والے شہریوں اورپولیس حکام و اہلکاروں کی ملاقات

جس قوم کے شہری جاگتے ہوں وہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ضرور کامران ہو گی، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے والوں نے جرأت اور فرض شناس کی اعلی مثال قائم کی ہے ، ان بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے ،شہریوں نے بروقت احساس ذمہ داری کا ثبوت دیا ، موٹر وے اور مقامی پولیس نے بھی قابل ستائش کردار ادا کیا ، ان کا یہ کارنامہ ہمیشہ یاد رہے گا وزیر اعلی پنجاب کی گفتگو شہباز شریف کی شہریوں اورپولیس حکام و اہلکاروں کی بہادری،جرأت اور فرض شناسی کی تعریف،نقدانعامات کی تقسیم اور شاباش

ہفتہ 30 جنوری 2016 22:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ہفتہ کو یہاں جہلم کے علاقے ڈومیلی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے والے شہریوں اورپولیس حکام و اہلکاروں نے ملاقات کی-وزیر اعلی نے شہریوں اور پولیس حکام و اہلکاروں کی بہادری ، جرأت اور فرض شناسی کی بھرپور انداز میں تعریف کی اور انہیں اس دلیری اور فرض شناسی پر شاباش دی-وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہلم کے علاقے میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے والوں نے جرأت اور فرض شناسی کی اعلی مثال قائم کی ہے اور یہ مثال دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے حوصلے کو مزید تقویت دے گی کیونکہ آپ نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیردشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے اور بڑی تباہی سے بچایا ہے-بلاشبہ آپ جیسے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں - جس دلیری اورجرأت کے ساتھ آپ نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنایا اس پرپوری قوم کو فخر ہے -انہوں نے کہا کہ شہریوں نے بروقت احساس ذمہ داری کا ثبوت دیا اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا-موٹروے اور مقامی پولیس نے بھی دہشت گردی کے اس منصوبے کو ناکام بنانے میں قابل ستائش اور مثالی کردار ادا کیا ہے -آپ کی فرض شناسی اور بہادری اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم میں بے پناہ ادراک اور شعورموجود ہے اور اگر ہر شہری اپنے ارد گرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھے توایسی کارروائیوں سے بچا جا سکتا ہے -وزیر اعلی نے شہریوں اور پولیس اہلکاروں کے جذبے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ کارنامہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کے لئے مثالی حیثیت رکھتا ہے-؂ وزیر اعلی نے جہلم میں دہشت گردی کی کارروائی کو ناکام بنانے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں آپ کا یہ مثالی کارنامہ نہ صرف ہمیشہ یاد رکھا جائے گا بلکہ انسداد دہشت گردی کے لئے ممدومعاون ثابت ہوگاکیونکہ جس قوم کے شہری آپ کی طرح جاگتے ہوں وہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر صورت کامیاب و کامران ہو گی-وزیر اعلی نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر شہریوں اور پولیس حکام و اہلکاروں کو نقدانعامات بھی دیئے- وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے شہریوں میں عبدالغفور،محمد عثمان،محمد دانیال انجم اورنوید اخترکے علاوہ ڈی ایس پی موٹر وے پولیس عبدالرؤف قریشی، انسپکٹر ملک امتیاز، انسپکٹر ملک اکمل، انسپکٹر ملک محمد حسن،انسپکٹر محمد بلال، ایس ایچ او سوہاوہ عبدالغفور شامل تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ ،معاون خصوصی رانا مقبول احمد ،ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری، انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹریز داخلہ،اطلاعات ، آرپی او راولپنڈی، ڈی پی او جہلم اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :