ویسٹ انڈیز کی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء کے لیے باقاعدہ اسکواڈ کا اعلان

اتوار 31 جنوری 2016 11:56

ویسٹ انڈیز کی ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء کے لیے باقاعدہ اسکواڈ کا اعلان

انٹیگا( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء) ویسٹ انڈیز نے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء کے لیے باقاعدہ اسکواڈ کا اعلان کردیا ، ڈیرن سیمی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ باؤلنگ پر پابندی کے شکار سنیل نرائن کو بھی 15رکنی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ۔بھارت جانے والی دنیا کی نمبر ایک ٹی ٹونٹی ٹیم میں شامل 11کھلاڑی ایسے ہیں جو چار سال قبل سری لنکا میں ورلڈ ٹی ٹونٹی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔

اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں میں ڈیرن سیمی(کپتان)، سیموئیل بدری، کرس گیل، سلیمان بین، ڈیرن براوو، ڈیون براوو، آندرے فلیچر، جیسن ہولڈر، سنیل نرائن، کیرون پولارڈ، دنیشن رام دین، آندرے رسل، مارلن سیموئلز، لینڈل سمنز اور جیروم ٹیلر شامل ہیں ۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے سنیل نرائن کو پابندی کے باوجود ٹیم میں شامل کرکے حیران کن فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

27سالہ سنیل نرائن کو گزشتہ برس نومبر میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں مشکوک باؤلنگ ایکشن کی نشاندہی پر آئی سی سی نے بین الاقوامی مقابلوں میں باؤلنگ سے معطل کردیا تھا۔سنیل نرائن کو گزشتہ سال ون ڈے ورلڈکپ کے لیے بھی ابتدائی طورپر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم انہیں ایکشن کی درستی کی خاطر ٹیم سے ان کا نام واپس لیا گیا تھا۔ورلڈ ٹی ٹونٹی 8مارچ سے 3اپریل تک بھارت میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کا ورلڈ ٹی ٹونٹی اسکواڈ 22فروری سے 6مارچ تک تربیتی کیمپ کے لیے متحدہ عرب امارات میں جمع ہوگا جہاں سے 7مارچ کو بھارت روانہ ہوگا۔ورلڈ ٹی ٹونٹی کے پہلے گروپ میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ انگلینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی۔

متعلقہ عنوان :