رواں مالی سال 2015-16ء کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران نان ٹیکسٹائل ملکی برآمدات میں 21.81 فیصد کی کمی

تیار چمڑے کی برآمدات میں 26.04 فیصد اور چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 15.56 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی

اتوار 31 جنوری 2016 15:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 جنوری۔2016ء) رواں مالی سال 2015-16ء کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران نان ٹیکسٹائل ملکی برآمدات میں 21.81 فیصد کی کمی دیکھی گئی ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2015ء کے دوران نان ٹیکسٹائلز مصنوعات کی ملکی برآمدات کا حجم 4.045 ارب ڈالر تک کم ہوگیا گزشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2014ء کے دوران برآمدات کا حجم 5.173 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلہ میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی برآمدات میں 77.47فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے قالین اور پارچہ جات کی برآمدات کی شرح میں 21.52 فیصد کی کمی اور کھیلوں کے سامان کی برآمدات کی شرح گزشتہ سال کے پہلے چھ ماہ کے مقابلہ میں 3.27 فیصد تک کم ہوگئی۔

(جاری ہے)

پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق تیار چمڑے کی برآمدات میں 26.04 فیصد اور چمڑے کی مصنوعات کی برآمدات میں 15.56 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر کساد بازاری اور دیگر برآمداتی ممالک سے سخت مقابلے اور پیدواری اخراجات کی زیادتی کے باعث برآمدات میں کمی واقع ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات کے فروغ کے لئے نئی منڈیوں کی تلاش اور مصنوعات کی تیاری میں ویلیو ایڈیشن سمیت پیداواری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :