سی ڈی اے انتظامیہ سیکٹر پارک انکلیو فیز ٹو میں تاحال 150 مکانات کا قبضہ لینے میں ناکام

اتوار 31 جنوری 2016 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 جنوری۔2016ء) وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کی انتظامیہ سیکٹر پارک انکلیو فیز ٹو میں تاحال 150 مکانات کا قبضہ لینے میں ناکام رہی ہے۔سی ڈی اے کے سیکٹر پارک انکلیو ون کا ٹھیکہ اکتوبر 2014 میں ایک ارب 26 کروڑ روپے میں دیا گیا تھا ، یہ کام ایک سال میں مکمل ہونا تھاجبکہ 16 ماہ گزرنے کے بعد بھی یہ کام تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔

اسلام آباد کے اس سیکٹر کی ابھی تک 10 فیصد زمین پر متاثرین کے مکانات ہیں جس کی وجہ سے کئی گلیوں، محلوں میں کام کرنا ممکن نہیں ہے جبکہ نالے کے ذیزائن میں انتظامیہ کی جانب سے سست روی کے باعث ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ڈیزائن فائنل نہیں کیا جا سکا۔انتظامیہ کی جانب سے انفراسٹرکچر ڈیزائن اور لاگت تخمینہ فائنل کرنے میں التوا کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق صرف لے آوٴٹ بنا کر ہی پلاٹس کی رجسٹریشن کھول دی گئی تھی جس کے بعد 315 پلاٹوں کیلئے 750 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں تھیں۔واضح رہے کہ سی ڈی اے نے درخواستوں کے ہمراہ 20 لاکھ 50 ہزار روپے جو کہ کُل قیمت کا 10 فیصد ہے طلب کئے تھے جس سے سی ڈی اے انتظامیہ کو ایک ارب 53 کروڑ 75 لاکھ روپے حاصل ہوئے تھے جس کے باوجود پارک انکلیو فیز ٹو میں ترقیاتی کام مکمل اور 150 پلاٹوں پر قبضہ نہ لیا جا سکا ہے

متعلقہ عنوان :