بینک ٹرانزکشن پر عائد اعشاریہ تین فیصد ودہولڈنگ ٹیکس اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع

حکومت توانائی کی قلت دور کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرہی ہے، سال دوہزار اٹھارہ تک دس ہزارمیگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی، اسحاق ڈار

پیر 1 فروری 2016 14:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء)بینک ٹرانزکشن پر عائد اعشاریہ تین فیصد ودہولڈنگ ٹیکس اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں انتیس فروری تک توسیع کردی گئی، وزیر خزانہ کہتے ہیں بہترین پالیسیوں کے باعث معاشی ترقی کی شرح سات فیصد تک پہنچ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال نان فائلرز کے لئے بینک ٹرانزکشن پر عائد اعشاریہ چھ فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا گیا تھا، تاجروں کے احتجاج کے بعد کم کر کے اعشاریہ تین فیصد کردیا گیا، اور اس میں کئی بار توسیع کی گئی، اور اب اس میں مزید ایک ماہ کی توسیع کرتے ہوئے اسے انتیس فروری تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹیکس گزاروں کی سہولت کی خاطر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ بھی ایک ماہ کے لئے بڑھادی گئی، اب ٹیکس ریٹرنز انتیس فروری تک جمع کرائے جاسکیں گے۔ادھر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ حکومت توانائی کی قلت دور کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرہی ہے، سال دوہزار اٹھارہ تک دس ہزارمیگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی، پالیسیوں میں تسلسل کے باعث سات فیصد اقتصادی ترقی حاصل کی جاسکتی ہے۔