اسلام آباد کی عدالت نے مولانا عبدالعزیز کی ضمانت کی دونوں درخواستیں مسترد کر دیں، ایس ایچ او آبپارہ طلب

مولانا عبدالعزیز غیر قانونی حراست میں ہیں یا قانونی ، فیصلہ ایس ایچ او کی رپورٹ کے بعد ہوگا، عدالت

پیر 1 فروری 2016 14:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) ایڈیشنل سیشن عدالت نے لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کی ضمانت کی دونوں درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ آبپارہ کو کل منگل کو طلب کر لیاہے۔

(جاری ہے)

پیر کو لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے تھانہ آبپارہ میں اشتعال انگیز تقریر اور دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمات میں ضمانت کیلئے ڈسٹرکٹ سیشن جج کو جمع کروائی جسے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں بھجوا دیا گیا۔

درخواست کی سماعت کے دوران وکیل مولاناعبدالعزیز نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو غیر قانونی حراست میں رکھا گیاہے جس پر عدالت کے جج خواجہ آصف نے درخواست ضمانت کو مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وہ غیر قانونی حراست میں ہیں یاقانونی حراست میں اس کافیصلہ ایس ایچ او کی رپورٹ کے بعد ہو گا۔عدالت نے ایس ایچ او آبپارہ کو کل منگل تک عدالت میں رپورٹ جمع کروانے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔