معروف فٹبالر میسی کے پانچ سالہ افغان مداح نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 فروری 2016 14:34

معروف فٹبالر میسی کے پانچ سالہ افغان مداح نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین اخبار۔یکم فروری2016ء): معروف فٹ بالر میسی کے پانچ سالہ افغان مداح نے سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر لی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پانچ سالہ مرتضیٰ کے والد میسی کی جرسی کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے جس کے لیے مرتضٰی کے بڑے بھائی نے پلاسٹک سے ایک جرسی بنائی جس پر میسی لکھا اور مرتضٰی کی تصویر کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا۔

مرتضٰی کی تصویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔ مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ میں میسی کا بہت بڑا مداح ہو ں ، ہمارے گھر کے پاس کوئی فٹبال گراﺅنڈ نہیں ہے اور جو فٹبال میرے پاس ہے اس کی بھی ہوا نکلی ہوئی ہے ۔ مرتضٰی نے کہا کہ میسی بہت اچھا فٹبال کھیلتا ہے اور میں بھی بڑا ہو کر میسی جیسا بننا چاہتا ہوں۔مرتضیٰ اپنے اہل خانہ کے ساتھ طالبان کے زیر کنٹرول علاقہ میں رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

مرتضٰی کے والد نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ وہ اپنے بیٹے کے لیئے نہایت پُر اُمید ہیں ، ان کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ نے مجھ سے میسی کی جرسی کا مطالبہ کیا لیکن میں ایک کسان ہوں اور جرسی کا خرچ برداشت نہیں کر سکتا۔ مرتضیٰ کافی دنوں تک اپنی معصوم خواہش کو پورا کرنے کے لیے روتا رہا جس کے بعد بالآخر اس کے بڑے بھائی نے اسے پلاسٹک کی ایک جرسی بنا کر دی جس پر پین سے میسی لکھا، اس کو پہن کر مرتضٰی کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مرتضٰی میسی سے ملاقات کا خواہشمند بھی ہے اور میں چاہتا ہوں کہ بڑا ہو کر میرا بیٹا فٹبال کھیلےب اور افغانستان کا میسی بنے۔دوسری جانب اے ایف ایف کا کہنا ہے کہ انہوں نے مرتضٰی کی خواہش پوری کرنے کے لیے فٹبالر سے رابطہ کیا ہے اور اُمید ہے کہ جلد ہی ان کی ملاقات کروا دی جائے گی۔