الیکشن کمیشن کے فیصلے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا، نعیم الحق

پیر 1 فروری 2016 15:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ۔ حقائق سے آگاہی قوم کا حق ہے انہوں نے کہاکہ این اے 122 کے انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے دھاندلی کے لئے نئے طریقے سامنے آئیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف سیاسی مسخروں کو الیکشن کمیشن سے دور رکھیں تو بہتر ہو گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف مسلم لیگ(ن) کی جانب سے متعارف کروائی گئی دھاندلی کی ہر قسم کو بے نقاب کرے گی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ قوم کو انتخابات کا صاف نظام دلوانے کے لئے حکومت پر دباؤ ڈالتے رہیں گے اور اقتدار کو طول دینے کے لئے قرضوں کے حصول کی سیاست جلد دم توڑ دے گی ۔ تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری نے کہا کہ حکومت پالیسیوں پر غور کرے ۔ اگر ایسے ہی عوام دشمن پالیسیوں پر کام کرتے رہیں گے تو حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکتی ۔