چھٹی مردم شماری ملتوی ہونے کا کوئی خدشہ نہیں، مردم شماری مارچ کے آخری ہفتے میں شروع ہو جائے گی،فوج نے مردم شماری کے حوالے سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، فوجی جوانوں کی تعیناتی سے متعلق مشاورت جاری ہے، رواں ہفتے جوانوں کی تعیناتی کا معاملہ حل کریں گے

چیف ادارہ شماریات آصف باجوہ کابیان

پیر 1 فروری 2016 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم فروری۔2016ء) چیف ادارہ شماریات آصف باجوہ نے کہا ہے کہ چھٹی مردم شماری ملتوی ہونے کا کوئی خدشہ نہیں، مردم شماری مارچ کے آخری ہفتے میں شروع ہو جائے گی،فوج نے مردم شماری کے حوالے سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے فوجی جوانوں کی تعیناتی سے متعلق مشاورت جاری ہے رواں ہفتے جوانوں کی تعیناتی کا معاملہ حل کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق مارچ کے آخری ہفتے میں شروع ہونے والی مردم شماری ملتوی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کیونکہ مردم شماری کیلئے دو لاکھ فوجی جوانوں کی ضرورت ہے، مردم شماری ٹیم کے ساتھ کم از کم ایک فوجی اہلکار ہونا ضروری ہے، بڑی تعداد میں فوجی جوانوں کی دستیابی ممکن نہیں۔ فوج کے بغیر مردم شماری مستند نہیں سمجھی جائے گی جبکہ مسلح افواج پہلے ہی ملک کے مختلف علاقوں میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

پیر کو چیف ادارہ شماریات نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ مردم شماری ملتوی نہیں ہو گی اور مارچ کے آخری ہفتے میں شروع ہو جائے گی۔آصف باجوہ نے کہا کہ ایک ماہ میں چینی کی قیمت میں 6 فیصد جبکہ پھلوں کی قیمتوں میں 5.2 فیصد اضافہ ہوا، دسمبر کے مقابلے میں جنوری میں مہنگائی کی شرح میں 0.21 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جنوری میں مہنگائی کی شرح3.3 پر آگئی جبکہ جولائی سے جنوری تک مہنگائی کی شرح 2.2 فیصد رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کیلئے تیاریاں مکمل ہیں جس کیلئے وزارت خزانہ نے 14.5 ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔ مردم شماری پلان کے مطابق مقررہ وقت پر شروع ہوجائے گی،فوج نے مردم شماری کے حوالے سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے فوجی جوانوں کی تعیناتی سے متعلق مشاورت جاری ہے رواں ہفتے جوانوں کی تعیناتی کا معاملہ حل کریں گے۔واضح رہے کہ ملک میں آخری مردم شماری 1998ء میں ہوئی تھی،، آئین کے تحت ہر10 سال بعد مردم شماری ضروری ہے تاہم چھٹی مردم شماری میں مسلسل تاخیر ہو تی رہی اور موجودہ حکومت کی طرف سے 2015ء میں اعلان کیا گیا تھا کہ مارچ 2016ء میں چھٹی مردم شماری شروع کرا دی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :