وزیر اعظم نواز شریف نے آئر لینڈ کی ٹیم کے پاکستان آنے سے قبل کیا کہا ؟؟ نجم سیٹھی نے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 1 فروری 2016 16:27

وزیر اعظم نواز شریف نے آئر لینڈ کی ٹیم کے پاکستان آنے سے قبل کیا کہا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین اخبار۔یکم فروری2016ء) : نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے بتایا کہ جب میں نے نیا نیا چئیر مین پی سی بی کا عہدہ سنبھالا تو وزیر اعظم نواز شریف نے مجھے ہدایت کی سیٹھی صاحب آپ نے پی سی بی میں نیا آئین دینا ہے اور الیکشن کروانے ہیں اور اگر آپ پاکستان میں کوئی انٹرنیشنل ٹیم لے آئیں تو کیا ہی بات ہے۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کی ہدایات کے مطابق میں نے نیا آئین بھی دیا اور الیکشن بھی کروا دئیے ۔ جس کے کچھ عرصہ بعد میں نے آئر لینڈ کی ٹیم کو بھی پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے مدعو کیا جس پر وہ آمادہ ہو گئی۔ نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئرلینڈ کی ٹیم کے آنے سے پندرہ دن قبل وزیر اعظم نواز شریف سے میری ملاقات راوئیونڈ میں ہوئی، ملاقات میں میں نے وزیر اعظم نواز شریف کو آئرلینڈ کی کرکٹ ٹیم کی آمد سے متعلق بتایا جس پر وزیر اعظم نواز شریف نے گھبرا کر کہا کہ نہیں نہیں ، یہ نہیں ہونا چاہئیے ، ان کو سکیورٹی کون فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اس بات پر میں حیران ہو گیا اور کہا کہ میں نے آپ ہی کی ہدایت پر عمل کیا ہے جس پر میاں صاحب نے کہا کہ ابھی ٹیم کو مدعو نہ کیا جائے۔ سکیورٹی خدشات کے پیشٍ نظر انٹرنیشنل ٹیم کا پاکستان آنا غیر مناسب ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ میں نے میاں صاحب کو یقین دہانی کروائی کہ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے بات ہو چکی ہے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔