نئی ٹی 20 رینکنگ جاری، بھارتی ٹیم پہلے نمبر پر براجمان

پیر 1 فروری 2016 16:54

نئی ٹی 20 رینکنگ جاری، بھارتی ٹیم پہلے نمبر پر براجمان

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم فروری۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق بھارتی ٹیم پہلے نمبر پر ہے جبکہ افغانستان نے تاریخ میں پہلی بار نویں اور سکاٹ لینڈ نے دسویں پوزیشن حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی بلے بازوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ باؤلرز میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ پاکستان کا کوئی بھی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل ہونے میں ناکام رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نئی رینکنگ کے مطابق پہلے نمبر پر بھارت، ویسٹ انڈیز دوسرے نمبر پر ، سری لنکا تیسرے، انگلینڈ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، جنوی افریقہ چھٹے، پاکستان ساتویں، آسٹریلیا آٹھویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

افغانستان ٹیم تاریخ میں پہلی بار ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوا ہے اور اس وقت نویں نمبر پر ہے جبکہ سکاٹ لینڈ نے بھی دسویں پوزیشن حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

بلے بازوں کی فہرست میں بھارتی بلے باز ویرات کوہلی پہلے، آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے، انگلینڈ کے ایلکس ہیلز تیسرے، جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسس چوتھے، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل پانچویں، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن چھٹے، ویسٹ انڈیز کے کرس گیل ساتویں، زمبابوے کے مساکازا آٹھویں، افغانستان کے محمد شہزاد نویں اور سری لنکا کے پریرا دسویں نمبر پر ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز میں 2-1 کی بدترین شکست کے بعد کوئی بھی پاکستانی بلے باز ٹاپ ٹین میں شامل نہیں ہو سکا۔ باؤلرزکی فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن پہلے، ویسٹ انڈیز کے ہی سیموئل بدری دوسرے، بھارت کے ایشون تیسرے، پاکستان کے شاہد آفریدی چوتھے، سری لنکا کے سنانیاکے پانچویں، زمبابوے کے کریمر چھٹے، سری لنکا کے ملنگا ساتویں، نیوزی لینڈ کے مچل میکلیناگن آٹھویں، جنوبی افریقہ کے عمران طاہر نویں اور افغانستان کے زردان دسویں نمبر پر ہیں۔