محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی اپنے پروگرام میں دور دراز پسماندہ دیہات ،ایل او سی پر آباد شہری آبادی کو فوکس کرے ،چوہدری عبدالمجید

بنی نوع انسان کی خدمت اور آزادکشمیر کو مکمل فلاحی معاشرے میں بدلنا ہمارا ایجنڈا ہے، تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کے مطابق فلاح وبہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 1 فروری 2016 17:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے ہدایت کی کہ محکمہ لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی اپنے پروگرام میں دور دراز پسماندہ دیہات اور ایل او سی پر آباد شہری آبادی کو فوکس کرے تاکہ دور دراز پسماندہ علاقوں میں رہنے والے عوام کوشہر جیسی سہولتیں مہیا ہوسکیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بنی نوع انسان کی خدمت اور آزادکشمیر کو مکمل فلاحی معاشرے میں بدلنا ہمارا ایجنڈا ہے۔ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کے مطابق فلاح وبہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ۔ اس ایجنڈے سے ہمیں ڈی ٹریک نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدیہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے زیر اہتمام جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر چوہدری محمد یٰسین ، وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید،سینئر مشیر چوہدری محمد ریاض، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اعلیٰ آفیسران اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں رورلر ز ایریاز میں آباد شہریوں کو جدید سہولتیں فراہم کرنے ، شہر اور دیہات کی تفاوت ختم کرنے سمیت آزادکشمیر بھر کے عوام کو یکساں سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

محکمہ لوکل گورنمنٹ آزادکشمیر کی طرف سے وزیراعظم آزادکشمیر کو دیہی علاقوں میں تعمیر وترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی جو میگا پراجیکٹس دیئے اس سے آج آزادکشمیر بھر کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر میں مزید میگا پراجیکٹس دیں گے تاکہ آزادکشمیر کے عوام کو یکساں ترقی کے مواقع مل سکیں۔

دریں اثنا مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی پرہم یقین رکھتے ہیں عقیدے ونظریے کی سیاست کرتے ہیں قاعدے وقانون کی بات کرتے ہیں ۔آزادکشمیر میں انتخابات بر وقت ہوں گے آزادکشمیر کے انتخابات کو ہائی جیک نہیں ہونے دیں گے۔آزادکشمیر کو فتح کرنے والوں کے تمام عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

آئین کی پاسداری اور عوامی حقوق کے تحفظ کا حلف دے رکھا ہے ۔خلاف قواعد کوئی بات نہیں مانیں گے۔ عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے تعمیر وترقی کے جو میگا پراجیکٹس دیئے وہ عوام کا استحصال کرنے والے ماضی کے حکمرانوں کو ہضم نہیں ہورہے ان کی الزاماتی سیاست کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔

الزامات کی سیاست عوامی ترقی وخوشحالی کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی عوامی تحریک کانام ہے اور یہ ہمالیہ سے بلند عوامی قوت ہے اس سے ٹکرانے والے پاش پاش ہوجائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ابھی ہم نے ٹریلر چلایا ہے جب پوری فلم چلائیں گے تو سب کے ہوش اڑ جائیں گے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ عوام کا استحصال کرنے والے ماضی کے حکمرانوں کی انتخابات میں ضمانتیں ضبط کرائیں گے اور دوتہائی اکثریت سے انتخابات جیت کر دکھائیں گے۔

دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی مذمت کرتے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی سنگین پامالیاں بند کرائے اور بھارت کو کشمیریوں کی منظم نسل کشی اورطاقت کے ذریعے حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے تاریخ کی لازوال قربانیاں دے کر کشمیر ایشو کو دنیا کا فلش پوائنٹ بنا دیا ہے۔بھارت کے قابض وغاصب حکمران ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط برقرار نہیں رکھ سکتے۔ آزادی کشمیریوں کا مقدر بن چکی ہے کشمیریوں کا مقدس لہو رنگ لاکر رہے گا۔اب کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :