Live Updates

تعلیمی اداروں کی سکیورٹی ایک حساس نوعیت کا معاملہ ہے ، اس پر پوائنٹ سکورنگ مناسب نہیں ‘رانا ثناء اﷲ

اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ عمران خان کی منفی سیاست کا بیڑہ غرق کردے گا ،حکومت پٹرول کی قیمتیں مزید کم کرے گی عزیز بلوچ کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والے بیانات کے صحیح ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرنے کا مجاز ادارہ عدلیہ ہے ‘میڈیا سے گفتگو

پیر 1 فروری 2016 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم فروری۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اﷲ خاں نے کہاہے کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی ایک حساس نوعیت کا معاملہ ہے ، اس پر پوائنٹ سکورنگ مناسب نہیں ،اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ عمران خان کی منفی سیاست کا بیڑہ غرق کردے گا ،حکومت پٹرول کی قیمتیں مزید کم کرے گی ، عزیز بلوچ کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والے بیانات کے صحیح ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرنے کا مجاز ادارہ عدلیہ ہے ، مجاہد کامران کے ایشو پر فیصلہ سرچ کمیٹی کی سفارشات پر ہوگا ، پی آئی اے نوکریاں فراہم کرنے والا ادارہ نہیں ،اسے منافع بخش بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے -ان خیالات کااظہار انہو ں نے یہاں احاطہ اسمبلی میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کیا - انہو ں نے کہاکہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی سکول مالکان او رحکومت کی مشترکہ ذمہ داری ہے - تعلیمی اداروں کی اندرونی سیکورٹی کو مضبوط کرنے کی ذمہ داری قانونی طو رپر سکول مالکان کی ہے کیونکہ اگر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعلیمی اداروں کے اندر سیکورٹی فراہم کریں گے تو اس سے ان اداروں کا اپنا کام متاثر ہوگا - انہو ں نے کہاکہ اپوزیشن کو پتہ ہے کہ اگر اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ جاتا ہے تو ان کی سیاست نیست و نابود ہوجائے گی - انہو ں نے کہاکہ دراصل ملک میں میاں محمدنواز شریف اورمیاں محمد شہبازشریف کی قیادت میں جاری ترقی کے میگا سفر سے اپوزیشن خوفزدہ ہے - انہو ں نے کہاکہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا اثر ہمارے ہاں پٹرول کے علاوہ دیگر اشیائے ضروریہ پر بھی ہوتا ہے او راسی اثر کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم اپنے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت کا تعین کرتے ہیں -وزیر قانون نے کہاکہ عزیز بلوچ کے بارے میں جب تک عدالتی طریقہ کار کے بعد کوئی ٹھوس بات ثابت نہیں ہوتی اس وقت تک کسی بھی بیان کی قانونی طور پر کوئی اہمیت نہیں ہے - انہو ں نے کہاکہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کے خلاف پروفیسر ز کو یہ بات زیب نہیں دیتی کہ وہ ادارہ کے معاملہ کو یوں سڑکوں پر لائیں - رانا ثناء اﷲ خاں نے کہاکہ پی آئی اے کا معاملہ وفاقی حکومت او ر اس کے معتبر ادارے حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں -امید ہے یہ معاملہ بطریق احسن حل ہوجائے گا - انہو ں نے کہاکہ پی آئی اے کوئی ایمپلائمنٹ ایکسچینج نہیں ہے - ا سکی رائٹ سائزنگ اس کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کے لئے ضروری ہے -

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :