بہت سے مواقع ضائع کرنے کے سبب شکست ہوئی ، وقار یونس

منگل 2 فروری 2016 17:04

بہت سے مواقع ضائع کرنے کے سبب شکست ہوئی ، وقار یونس

آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دونوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز جیتے جاسکتے تھے لیکن ملنے والے مواقع ضائع کرنے کے سبب دونوں میچوں میں شکست ہوئی۔وقاریونس نے آکلینڈ سے دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ بولنگ اور فیلڈنگ میں کمزوریاں سامنے آئی ہیں ۔دونوں میچز میں کیچز ڈراپ کیے گئے جن کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔

وقاریونس کا کہنا ہے کہ فٹنس بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔انھوں نے اور فیلڈنگ کوچ گرانٹ لوڈن نے کھلاڑیوں کو فٹنس پروگرام بناکر دیا ہے تاکہ وہ پاکستان سپر لیگ کے دوران بھی اس پر عمل کریں اور ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک مکمل طور پر فٹ رہیں۔وقار یونس نے کہا کہ اس سیریز کی مثبت بات بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ تھی جنہوں نے دونوں ون ڈے انٹرنیشنل میں بڑے اعتماد سے بیٹنگ کی جو آنے والے ایونٹس کو دیکھتے ہوئے خوش آئند بات ہے۔

(جاری ہے)

وقاریونس کا کہنا ہے کہ وہ فاسٹ بولر محمد عامر کی بولنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔انھوں نے نیوزی لینڈ کے دورے سے پہلے بھی یہ کہا تھا کہ وہ محمد عامر سے کوئی اتنی بڑی کارکردگی کی توقع نہیں رکھ رہے جس سے ان پر بہت زیادہ دباوٴ پڑے اور اس دورے میں یہی کوشش کی گئی کہ ان پر بہت زیادہ دباوٴ نہ رہے۔محمد عامر نے دیگر تمام بولرز کے مقابلے میں سب سے اچھی بولنگ کی اور امید ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

وقاریونس کو توقع ہے کہ پاکستان سپر لیگ کھیلنے کے بعد تمام کھلاڑی ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے اچھی طرح تیار ہونگے۔ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ نیوزی لینڈ کے دورے میں پاکستانی ٹیم سیریز نہیں جیت سکی لیکن نوجوان کھلاڑیوں کو ایشیا سے باہر ایک بڑی ٹیم کے خلاف کھیل کر اچھا تجربہ حاصل ہوا ہے اور ایک بڑے ٹورنامنٹ میں جانے سے پہلے ان کی جھجھک بڑی حد تک کم ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم وقاریونس کی کوچ کی حیثیت سے موجودگی میں دس میں سے سات ون ڈے سیریز ہار چکی ہے جس کی وجہ سے وہ زبردست تنقید کی زد میں ہیں۔