ٹیم کو ایک ایسے آدمی کی ضرورت ہے جو انھیں اعتماد دے، یونس خان

منگل 2 فروری 2016 17:04

ٹیم کو ایک ایسے آدمی کی ضرورت ہے جو انھیں اعتماد دے، یونس خان

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز یونس خان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو ایک ایسے آدمی کی ضرورت ہے جو انھیں اعتماد دے،قومی ٹیم کے سابق کوچ باب وولمر کامیاب اور مقبول کوچ تھے کیونکہ وہ ہر کھلاڑی سے مختلف انداز میں پیش آتے تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظامیہ کے کردار کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو صرف ایک ایسے آدمی کی ضرورت ہے جو انھیں مکمل اعتماد دے. "اب وقت ہے کہ ہم ہر شکست کے بعد ایک دوسرے پر الزامات لگانے کا سلسلہ بند کردیں، ہر کھلاڑی کو احترام دینے کی ضرورت ہے، شکست کے بعد ایک یا دو کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا"۔

پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل) میں ان کے کردار کے حوالے سے سابق کپتان نے کہا کہ انھیں لیگ کے سفیر یا چیئرمین کے مشیر جیسے عہدوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے یونس خان کی قیادت میں پاکستان نے 2009 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ٹائٹل جیتا تھا تاہم ملکی تاریخ کی پہلی ٹی ٹوئنٹی لیگ کی کسی بھی ٹیم میں انھیں جگہ نہیں دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ"لوگوں کی جانب سے بے حد پیار اور احترام ملنے کے بعد میں ایسی چیزوں کے لیے فکرمند نہیں ہوتا"۔

ون ڈے کرکٹ سے کنارہ کشی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ جس طرح 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے اسی طرح ون ڈے سے بھی علیحدہ ہونا چاہتے تھے لیکن اس کے لیے طویل عرصہ انتظار کرنا پڑا۔پاکستان کے مایہ ناز بلے باز کی طویل عرصے بعد انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں واپسی ہوئی تھی تاہم انھوں نے محض ایک میچ کھیل کر ون ڈے سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس پر کرکٹ حلقوں کی جانب سے ان پر تنقید بھی کی گئی تھی۔یونس خان نے کہا کہ "جب میں سمجھوں گا کہ یہ صحیح وقت ہے میں ٹیسٹ کرکٹ سے بھی کنارہ کش ہو جاوٴں گا ۔