افغانستان ، امریکی ڈرون حملوں میں داعش کا ریڈیو اسٹیشن تباہ ، 5کارکنوں سمیت 46 جنگجو ہلاک ،متعدد زخمی

شدت پسند گروپ نے ریڈیو اسٹیشن کے تباہ ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا

منگل 2 فروری 2016 18:49

افغانستان ، امریکی ڈرون حملوں میں داعش کا ریڈیو اسٹیشن تباہ ، 5کارکنوں ..

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 فروری۔2016ء) افغانستان کے صوبہ ننگرہار اور پکتیکا میں امریکی ڈرون حملوں میں داعش کا ریڈیو اسٹیشن تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ریڈیو کے 5کارکنوں سمیت 46 جنگجو بھی مارے گئے،شدت پسند گروپ نے ریڈیو اسٹیشن کے تباہ ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کا ریڈیو اسٹیشن تباہ کردیا گاے ۔

صوبائی گورنر کے ترجمان عطاﷲ خوگیانی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ضلع اچین میں گزشتہ روز ہونے والے حملے میں داعش کے ریڈیو کے پانچ کارکنوں سمیت 29 شدت پسند مارے گئے۔ ننگرہار کی پولیس کے ترجمان حضرت حسین مشرقی وال کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ماماند کے پہاڑی علاقے میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

داعش نے اس علاقے میں اپنے قدم جمانے کے بعد افغانستان کے مشرقی حصوں میں اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

افغان وزارت دفاع نے بھی مختلف ذرائع ابلاغ کو تصدیق کی ہے کہ "خلافت کی آواز" نامی ریڈیو کی نشریات بند ہو گئی ہیں۔ننگرہار کے مقامی افراد اور حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے ریڈیو سے گزشتہ ماہ سے روزانہ دو گھنٹوں کے لیے پروگرام نشر ہوتے تھے لیکن پیر کی شام سے یہ نشریات سنائی نہیں دے رہیں۔امریکی فوج کے ترجمان کرنل مائیکل لاہورن نے تصدیق کی ہے کہ اچین میں انسداد دہشت گری کے لیے دو حملے کیے گئے۔

لیکن ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہم اس کی تفصیل فراہم نہیں کر سکتے۔ادھر شدت پسند گروپ نے ٹوئیٹر پر ایک بیان میں کہا کہ خلافت کی آواز کابل کی کٹھ پتلی حکومت کی طرف سے ریڈیو اسٹیشن کے تباہ ہونے کی خبروں کو مسترد کرتی ہے۔گزشتہ سال اس ریڈیو اسٹیشن کی نشریات افغانستان اور پاکستان کے سرحدی علاقوں میں ایک موبائل ٹرانسمیٹر سے شروع کی گئیں۔

پہلے یہ نشریات پشتو زبان میں تھیں جب کہ گزشتہ ہفتے ہی ریڈیو نے دری میں بھی پروگرام پیش کرنا شروع کیے۔روزانہ کی نشریات میں حکومت کے خلاف پروپیگنڈہ، لوگوں کو داعش میں شمولیت کی دعوت، سرکاری ملازمین کے خلاف دھمکیاں اور اپنے جنگجوؤں کے انٹرویوز نشر کیے جاتے رہے۔افغان حکومت کی طرف سے نشریات کو بند کرنے کے لیے کی جانے والی متعدد کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوسکی تھیں۔

ایک عہدیدار دولت وزیری کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں سے اس کی نشریات دو بار کچھ عرصے کے لیے بند ہوئی تھیں۔ادھر اتحادی افواج کے ڈرون طیارے نے صوبہ پکتیکا کے ضلع گومال میں طالبان عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 17 جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ عسکریت پسندوں کی ایک گاڑی بھی تباہ ہوگئی ۔