پانچ فروری کو پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا پیغام دُنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں گے، برجیس طاہر

منگل 2 فروری 2016 20:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ 5 فروری کو پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا پیغام دُنیا کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔اُنہوں نے یہ بات اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ لینے کے لیے حتمی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلا س میں وفاقی سیکرٹری اُمورکشمیر و گلگت بلتستان عابد سعید ،ایڈیشنل سیکرٹری طاہررضا نقوی،ایڈیشنل سیکرٹری کشمیر کونسل عامراشرف خواجہ ،و فاقی وزات داخلہ ، وزارت خارجہ ، وفاقی وزارت اطلاعات ،ریڈیو پاکستان ، CDA ،ICT ،پرینٹگ کارپوریشن ،پیمرا کے علاوہ صوبائی حکومت کے نمائندوں،آزادجموں وکشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے اجلا س کے شرکا ء سے کہاکہ انہیں اُمید ہے کہ تمام متعلقہ حکام نے پچھلے سال کی نسبت اس دفعہ اوربھی بڑھ چڑھ کر تیاری کی ہو گی تاکہ کشمیر سے یکجہتی کا پیغام نہ صرف کشمیر بلکہ پوری دنیا کے کونے کونے تک پہنچ سکے۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ ر گ ہے اور تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں دیر پا امن قائم ہونا مشکل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اُن کی حکومت نے کشمیر سے متعلق ایک واضح پالیسی اپنائی ہے جس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کے لیے سفارتی کوشش کی جارہی ہیں اُنہوں نے کہا کہ بھارت سے تعلقات کی بحالی اور خطے میں امن کی خاطر وزیر اعظم محمدنواز شریف نے نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی لیکن افسوس کہ بھارت نے اس خیر سگالی کا جواب ایل او سی پر 500 سے زائد مرتبہ فائرنگ کر کے کیا ۔

پاکستان نے بھارت کے اس جارحانہ رویے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا ۔اور بعدازاں خارجہ سیکرٹریز کی شیڈول ملاقات میں پاکستان نے کشمیر ی رہنماؤں سے ملاقات سے متعلق بھارتی دباؤ کو رد کردیا ۔اُنہوں نے کہا اسی مضبوط موقف کے باعث بھارت پر مذاکرات کی بحالی کے لیے بین الاقوامی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یوم یکجہتی کے حوالے سے تقریبات میں شرکت کے لیے سیاسی جماعتوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ اس دن کو بھر پور طریقے سے منانے کے لیے اپنابھر پور کردار ادا کریں اور اپنے نمائندے مقرر کریں جو کہ خصوصی طورپر کوہالہ پل پر ہونے والی تقریب اور دیگر تقریبات میں شرکت کر سکیں۔

اس کے علاوہ HEC کے ذریعے تمام یونیورسٹیوں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ یوم یکجہتی کوبھر پور طریقے سے منانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اجلا س میں شریک حکام نے یوم یکجہتی کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں سے متعلق اپنی اپنی وزارتوں محکموں اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے شرکا ء کو آگاہ کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے ایک بار پھر اجلاس کے شرکاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ یوم یکجہتی کے حوالے سے تیاریوں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں تاکہ پوری پاکستانی قوم کی جانب سے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا پیغام احسن طریقے سے پہنچایا جا سکے

متعلقہ عنوان :