انڈر 19 ورلڈ کپ ، متنازع رن آؤٹ نے ویسٹ انڈیز کو فتح دلادی

منگل 2 فروری 2016 20:34

انڈر 19 ورلڈ کپ ، متنازع رن آؤٹ نے ویسٹ انڈیز کو فتح دلادی

چٹاگانگ (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار 2 فروری- 2016ء) زمبابوے اور ویسٹ انڈیز کے درمیان انڈر 19 ورلڈ کپ کے میچ میں متنازع انداز میں رن آؤٹ کی بدولت ویسٹ انڈیز کی فتح پر کرکٹ حلقے دو حصوں میں تقسیم ہو گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش میں جاری انڈر 19 ورلڈ کپ میں چٹاگانگ میں ویسٹ انڈیز اور زمبابوے کے درمیان اہم میچ کھیلا گیا، یہ میچ دونوں ہی ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل تھا جہاں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ جاتی ۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور ویسٹ انڈیز نے شمر سپرنگر کے 61 رنز کی بدولت مقررہ اوورز میں 226 رنز بنائے ۔ جواب میں زمبابوے شان سنڈر کے 52 اور ایڈم کیف کے 43 رنز کی بدولت فتح کے انتہائی قریب پہنچ گئی ۔

(جاری ہے)

زمبابوے کو میچ میں فتح کیلئے چھ گیندوں پر تین رنز درکار تھے جبکہ صرف ایک وکٹ باقی تھی تاہم میچ کا آخری اوورز کرانے والے کیمو پال نے منکڈ رن آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے میں دو رنز سے فتح دلا دی ۔

کرکٹ کی اصطلاح میں اگر کوئی کھلاڑی باؤلنگ کیلئے دوڑتے ہوئے آئے اور نان سٹرائیکر اینڈ پر بیلز اڑا دے تو بلے باز کے کریز سے باہر ہونیکی صورت میں اسے رن آؤٹ قرار دیا جائے گا اور اسے منکڈ رن آؤٹ کہتے ہیں ۔ ویسٹ انڈیز نے میچ تو جیت لیا لیکن اس طرز کے رن آؤٹ پر ایک بار پھر بحث شروع ہو گئی ہے اور کرکٹ حلقے اس پر دو حصوں میں بٹ گئے ہیں جہاں چند اسکے حامی اور دیگر اسے کھیل کی روح کے منافی قرار دے رہے ہیں ۔

اس طرز کے رن آوٹ کے مخالفین میں برطانوی کھلاڑی پیش پیش رہے جبکہ آسٹریلین کوچ ڈیرن لیمن ، جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر الویرو پیٹرسن ، رچرڈ گبسن نے اس عمل کو شرمناک قرار دیا ۔ دوسری جانب کچھ حلقوں نے اسے قانون کے دائرے میں قرار دیا ۔ برطانوی فاسٹ باؤلر سٹورٹ میکر نے کہا کہ ایسا قانون ہی کیوں بنایا جو اس کی اجازت دیتا اور پھر کہا جائے کہ کھیل کی روح کے خلاف ہے۔

کیا یہ خراب اسپورٹس مین شپ نہیں کہ وہ ایک رن چرا رہا تھا ۔ معروف مبصر ہرشا بھوگلے نے ٹوئیٹ کی کہ وہ حیران ہیں کہ کرکٹ کی روح کی اس وقت بات نہیں کی جاتی جب گیند بیٹسمین کے بیٹ سے لگے اور وہ پھر بھی کریز پر کھڑا رہے لیکن جب باؤلر منکڈ کرے تو سب کو یاد آ جاتا ہے ۔ میچ میں کامیابی کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم گروپ سی انگلینڈ کے ہمراہ کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے ۔