پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال ،ملک بھر میں پروازوں کا شیڈول متاثر، اندرون وبیرون ملک آنے وجانے والی کئی پروازیں تاخیر کا شکار، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ،نجی ائیرلائنز نے کرایوں میں اضافہ کردیا، پی آئی اے کو کروڑوں کا نقصان، پاکستان سول ایوی ایشن کی مسافروں کی تکلیف کے ازالے کیلئے نجی ایئر لائن کو خصوصی پروازیں شروع کرنے کی ہدایت

بدھ 3 فروری 2016 00:19

اسلام آباد/کراچی/لاہور/کوئٹہ/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 2فروری۔2016ء) پی آئی اے کے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے اندرون وبیرون ملک آنے وجانے والی کئی پروازیں ملتوی جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کاشکار ہوئیں ، مسافروں کا شدید مشکلات کا سامنا ، ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں کا نقصان ، پاکستان سول ایوی ایشن نے مسافروں کی تکلیف کے ازالے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے نجی ایئر لائن ایئر بلیو کو خصوصی پروازیں شروع کرنے کی ہدایت کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف پی آئی اے کے ملازمین کی ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ منگل کے روز بھی جاری رہا ۔ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے اسلام آباد ،کراچی ،لاہور ،کوئٹہ اور پشاور سمیت کئی شہروں میں اندرون وبیرون ملک جانے اور آنے والی کئی پروازیں منسوخ کرنی پڑی جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں ۔

(جاری ہے)

ملازمین کی ہڑتال اور پروازوں کی تاخیر کی وجہ سے دوردراز سے آنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا او ر وہ ایئرپورٹس پر ذلیل وخوار ہوتے رہے ۔

دوسری جانب پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں کی تکلیف کے ازالے کے لئے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نجی ایئرلائن ایئربلیو کو اسلام آباد ،کراچی سے لاہور کے لئے اضافی پروازیں شروع کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد لاہور سے کراچی کے لئے آج شام6:30بجے ایک پروازروانہ ہو گی جبکہ دوسری پرواز رات 8بجے روانہ ہو گی ۔ کراچی سے لاہور کے لئے رات پونے 11بجے جبکہ دوسرے پرواز رات سوا گیارہ بجے روانہ ہوگی۔ کراچی سے اسلام آباد کے لئے پہلی پرواز ساڑھے گیارہ بجے جبکہ دوسری پرواز ساڑھے چھ بجے روانہ ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :