فیس بک کا ایک بار پھر نیوزفیڈ میں تبدیلی کا فیصلہ

بدھ 3 فروری 2016 14:28

فیس بک کا ایک بار پھر نیوزفیڈ میں تبدیلی کا فیصلہ

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) فیس بک نے ایک بار پھر اپنے نیوزفیڈ میں صارفین کی دلچسپی کے مواد کے حوالے سے الگورتھم میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ تو ہم سب کو معلوم ہے کہ فیس بک پر ہماری نیوز فیڈ پر اکثر وہی مواد نظر آتا ہے جسے ہم لائک، شیئر یا کمنٹ وغیرہ کرتے ہیں تاہم اب سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ نے ایسی اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے جو آپ کے نیوز فیڈ کو بدل کر رکھ دے گی۔

اب ضروری نہیں کہ آپ کے فیس بک نیوز فیڈ پر ویسا ہی مواد ظاہر ہو جسے آپ لائک کرنے کے عادی ہیں بلکہ یہ ویب سائٹ آپ کی ایک سروے میں دی گئی رائے پر اس کا فیصلہ کرے گی۔فیس بک نے اس حوالے سے صارفین سے نیوز فیڈ پر ان کی پسند کا مواد جاننے کے لیے کچھ عرصے قبل ایک سروے کیا تھا جس میں کروڑوں صارفین سے پوچھا گیا تھا کہ وہ اپنی فیڈ پر کس قسم کی اسٹوریز کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

فیس بک نے اپنے ایک بلاگ میں کہا ہے کہ اب نیوز فیڈ ممکنہ طور پر ویسا ہی نظر آئے گا جیسا آپ چاہتے ہیں یعنی جو اسٹوری آپ کے فیڈ پر ٹاپ پر ہوگی وہ ممکنہ طور پر آپ کی پسند کے مطابق ہوگی۔بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ہم نیوز فیڈ پر ایسی اسٹوریز کو اوپر رکھیں گے جو ہمارے خیال میں لوگوں کو لائک، کمنٹ یا کسی اور ایکشن کے لیے مجبور کریں اور وہ انہیں اوپر دیکھنا چاہتے ہو۔

آسان الفاظ میں فیس بک کوشش کرے گی کہ وہ اپنی اس معلومات کا استعمال کریں جو وہ آپ کے بارے میں رکھتی ہے اور ایسی چیزیں دکھائے جو آپ دیکھنا اور اس پر ردعمل ظاہر کرنا چاہتے ہیں۔ابھی واضح نہیں کہ یہ طریقہ کار کس طرح کام کرے گا کیونکہ فیس بک نے زیادہ تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔مگر یہ کوئی راز نہیں فیس بک کی جانب سے نیوزفیڈ کے الگورتھم کو اکثر تبدیل کیا جاتا ہے تاکہ صارفین کی دلچسپی کو برقار رکھا جاسکے۔فیس بک کا کہنا تھا کہ اس اپ ڈیٹ کو کچھ صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے جبکہ دنیا بھر میں اسے آئندہ چند ہفتوں کے دوران سامنے لایا جائے گا تاہم اس کے اثرات مکمل طور پر کچھ ماہ بعد ہی سامنے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :