شعیب ملک پاکستان سپر لیگ کھیلنے کیلئے مکمل طور پر فٹ

بدھ 3 فروری 2016 16:24

شعیب ملک پاکستان سپر لیگ کھیلنے کیلئے مکمل طور پر فٹ

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی قیادت کرنے والے قومی آل راوٴنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ کیلئے بھرپور فٹ ہیں اور شائقین کرکٹ کی دلچسپی کی خاطر اچھی اور مثبت کرکٹ کھیلیں گے۔ پی ایس ایل میں شرکت کیلئے کراچی کنگز کی ٹیم نے دبئی میں پڑاوٴ ڈال دیا ہے اور گزشتہ روز کھلاڑیوں نے ہلکی پھلکی پریکٹس بھی کی۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف وہ پہلے ون ڈے کیلئے بھی دستیاب تھے لیکن ٹیم انتظامیہ نے انہیں مزید انجری سے بچانے کیلئے آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا خواب اپنی تعبیر کے قریب ہے جس کی انہیں بہت خوشی ہے کیونکہ اس سے پاکستانی کرکٹرز کو بہت زیادہ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے قومی فاسٹ بالر محمد عامر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں کھیلنا ان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب پاکستان میں لمبے عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی ہے اور مقامی کھلاڑیوں کو غیر ملکی کھلاڑیوں کیخلاف کھیلنے کا موقع بھی نہیں مل رہا ہے پی ایس ایل خوش آئند اور خوشگوار ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں تمام کھلاڑی بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے جبکہ دیگر ملکوں سے آنے والے اسٹار کھلاڑی بھی اس ایونٹ کو دلچسپ بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیاء کپ سے قبل پی ایس ایل سے فائدہ ہو گا کیونکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں بھی کنڈیشنز کم و بیش ایسی ہی ہوتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :