Live Updates

پی آئی اے کے ملازمین کی ناکام ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے 3 افراد کے خون کی ہولی کھیلی گئی ہے ٗپرویز رشید

ملک ترقی کررہا ہے ٗعمران خان پاکستان کو برباد کر نے کی سیاست کی بات کرتے ہیں ٗ عمران خان کی دھرنا سیاست کامیاب نہیں ہونے دینگے ٗ حکومت پاکستان کے مفاد کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کرے گی ٗسیاسی جماعتیں پی آئی اے واقعہ کو کیش کر نا چاہتی ہیں ٗسازش کو ناکام بنادینگے ٗدہشت گردی کشمیر کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ٗوزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 3 فروری 2016 19:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 فروری۔2016ء) وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہاہے کہ پی آئی اے کے ملازمین کی ناکام ہڑتال کو کامیاب بنانے کیلئے 3 افراد کے خون کی ہولی کھیلی گئی ہے ٗ ملک ترقی کررہا ہے ٗعمران خان پاکستان کو برباد کر نے کی سیاست کی بات کرتے ہیں ٗ عمران خان کی دھرناسیاست کامیاب نہیں ہونے دینگے ٗ حکومت پاکستان کے مفاد کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کرے گی ٗسیاسی جماعتیں پی آئی اے واقعہ کو کیش کر نا چاہتی ہیں ٗسازش کو ناکام بنادینگے ٗدہشت گردی کشمیر کی آزادی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔

کشمیر کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم ذاتی مفادات سے بالا تر ہوکر ملک کی خدمت کررہے ہیں،ملک ترقی کررہا ہے لیکن بعض عناصریہ عمل روکنا چاہتے ہیں اور پھرڈی چوک پہنچنے کی بات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان ملک کوبرباد کرنے کی سیاست کی بات کرتے ہیں ہم عمران خان کی دھرنا سیاست کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔

پرویزرشید نے کہا کہ حکومت پاکستان کے مفاد کیلئے کسی اقدام سے گریز نہیں کرے گی، کراچی آپریشن کے مخالفین پی آئی اے کے معاملے کو اچھال رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کو 6 ماہ کے لئے موخر کرنے کا بھی اعلان کیا تھا جس کی وجہ سے ابھی ادارے کی نجکاری کے حوالے سے کوئی بات ہی نہیں ہوئی ٗایسی صورت حال میں ملازمین کی جانب سے ہڑتال کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔

پی آئی اے کے محب وطن ملازمین نے ہڑتال کو قبول نہ کرتے ہوئے مسترد کردی تھی جس کی وجہ سے ہڑتال کے خواہش مندوں کا کام نہیں چل رہا تھا، اس لیے ناکام ہڑتال کوکامیاب بنانے کے لئے تین افراد کے خون کی ہولی کھیلی گئی۔وفاقی وزیرنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں 2 بار لازمی سروس ایکٹ کا نفاذ کیاگیا، اگر ان کے دورمیں لازمی سروس ایکٹ قانون سیاہ نہیں تھا تو اب کیسے بن گیا سیاسی جماعتیں کراچی کے واقعہ کو کیش کرنا چاہتی ہیں اس سازش کو ناکام کریں گے اور ملک کے مفاد میں جو قدم بھی اٹھانا پڑا اٹھائیں گے۔

یکجہتی کشمیر سیمینا سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشیدنے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں کا موقف یکساں ہے اور کشمیر میں ہونے والی زیادتیوں کو دنیا بھی تسلیم کر چکی ہے۔ کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، خطے اور دنیا میں امن کیلئے کشمیر کا مسئلہ حل ہونا ضروری ہے، حق خود ارادیت کشمیروں کا حق ہے، اسے تسلیم کیا جانا چاہئے ٗ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی مسئلہ کشمیر کے حل میں بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ جب بھی دونوں فریق کشمیر پر بات کیلئے تیار ہوتے ہیں تو دہشت گردی کا کوئی واقعہ ہو جاتا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات