تاجر برادری رضا کارانہ ٹیکس سکیم سے بھر پو ر فائدہ اٹھائے‘ اجمل بلوچ

بدھ 3 فروری 2016 21:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 فروری۔2016ء) مرکزی انجمن تاجران پاکستان کے صدر اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ گذشتہ تین ماہ سے پاکستان بھر کی تاجر برادری 0.6 فی صد ود ہولڈنگ ٹیکس کے اطلاق کی وجہ سے سخت پریشان تھی جبکہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے نان فائلرز کے لیے اگلے تین سال کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کر کے تاجروں کے دل جیت لیے ہیں ۔

تاجر برادری رضا کارانہ ٹیکس سکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سے مرکزی انجمن تاجران پاکستان نعیم میر کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک تجارتی ادارہ کے افتتاح کے بعد تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مذید کہا کہ چند مفاد پرست عناصر رضا کارانہ ٹیکس سکیم کی مخالفت کر رہے ہیں جو کہ سمجھ سے بالا تر ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ قومی اسمبلی اور سینٹ اس بل کو پاس کر چکے ہیں اور صدر مملکت ممنون حسین نے بھی دستخط کر دیے ہیں ۔

اس قانون سے نان فائلرز کو ٹیکس لسٹ میں شامل ہونے کا موقع ملے گااور اگلے تین سال کے لیے کسی قسم کا آڈٹ بھی نہ ہو گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرز ایکشن کمیٹی اسلام آباد کے سیکرٹری اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خالد چودھری نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ حکومت نے کسی قسم کی ایمنسٹی سکیم کا اعلان کیا ہے بلکہ نان فائلرز کو ٹیکس لسٹ میں شامل کرنے کے لیے رضا کارانہ سکیم کا اعلان کیا گیا ہے ۔

جس سے نا صرف حکومتی ریو نیو میں اضافہ ہو گابلکہ تاجر برادری کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔ انہوں نے مذید کہا کہ ایف بی آر نے اس سکیم سے آگاہی کے لیے تاجر نما ئندوں کو اعتماد میں لینا شروع کر دیا ہے۔ جبکہ مختلف مارکیٹوں میں کیمپ بھی لگائے گئے ہیں ۔ حکومت کی طرف سے اس سکیم کا اجراء قابلِ ستائش ہے۔ اس موقع پر ٹریڈرز ویلفیئر ایسو ایشن پی ڈبلیو ڈی کے صدر چو دھری ریا ست نے بھی خطاب کیا۔