Live Updates

پرویز مشرف مفاد پرست عناصر کو ساتھ نہ ملاتے تو ملک کا نقشہ بدل جاتا، ڈاکٹر محمد امجد

مولانا عبدالعزیز خود کیس ختم کرنے بارے کہہ رہے ہیں،کسی سے ڈیل نہیں ہوئی مشرف دور میں صحافی برادری کے مسائل حل کئے گئے،عمران خان مخلص راہنما ہیں مگر ان سے غلط فیصلے کروائے جارہے ہیں،نو منتخب عہدیداران سے ملاقات

بدھ 3 فروری 2016 21:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے پہلے تین سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مفاد پرست عناصر کو ساتھ نہ ملاتے تو بقیہ پانچ سالوں میں ملک کا نقشہ بدل جاتا، مولانا عبدالعزیز خود کیس ختم کرنے بارے کہہ رہے ہیں،کسی سے ڈیل نہیں ہوئی پرویز مشرف سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات ختم ہونے پر جلد عوام میں نکلیں گے،حکمران عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کی بجائے میٹرو بس اور اورنج ٹرین جیسے منصوبوں پر پیسہ خرچ کررہے ہیں،مشرف دور میں صحافی برادری کے مسائل حل کئے گئے۔

عمران خان مخلص راہنما ہیں مگر ان سے غلط فیصلے کروائے جارہے ہیں،آل پاکستان مسلم لیگ اور تحریک انصاف کا اتحاد ملک کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نومنتخب عہدیداران سے ایک ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مہرین ملک آدم،سیکرٹری کوآرڈینیشن سید مصطفیٰ شاہ، راجہ حماد حسین، حاجی مطلوب، سیدہ فردوس اور دیگر پارٹی راہنما بھی موجود تھے۔

اس موقع پرصدرپی ایف یوجے افضل بٹ،سیکرٹری نیشنل پریس کلب عمران یعقوب ڈھلوں اوربڑی تعداد میں دیگر صحافتی راہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد امجد نے نومنتخب عہدیداران کو پھول پیش کئے۔ اس موقع پر صحافیوں سے اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف نے قوم کی بے لوث خدمت کی۔انہوں نے اپنے دور حکومت کے ابتدائی تین سالوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر بعد میں مفاد پرست سیاسی عناصر کے ساتھ مل جانے پر اس طرح کا کام نہیں کرپائے جس کا انہوں نے خواب دیکھا تھا۔

بعد کے پانچ سال بھی اگر وہ خود پورے کرتے تو اس وقت ملک ترقی کی شاہراہ پر کہیں آگے نکل چکا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر قائم تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے جو کہ کھوکھلے ہیں اور بگٹی کیس کی طرح جلد ختم ہوجائیں گے۔ ہماری کسی سے بھی کوئی ڈیل نہیں ہوئی ہے۔ مولانا عبدالعزیز نے خود ہی کیس ختم کرنے کے بارے میں بیان دیا ہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اس کیس کا بھی کچھ نہیں بننا۔

ہم پارٹی کو پورے ملک میں منظم کررہے ہیں،بہت جلد پرویز مشرف خود سامنے آکر پارٹی کی قیادت کریں گے اور ہم 2018کے انتخابات میں بھرپور طریقے سے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ترجیحات مختلف ہیں۔ وہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے مہنگے قرضے لے کر میٹروبس اور اورنج ٹرین جیسے منصوبوں میں جھونک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ میٹرو منصوبے کے انچارج ہوتے تو میاں نواز شریف سے کہتے کہ میٹرو کی بجائے راولپنڈی کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی اور دوہسپتال قائم کر کے دئیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف کے بعد عمران خان کو لیڈر مانتا ہوں،وہ ایماندار شخص ہیں مگر ان سے غلط فیصلے کروائے جاتے ہیں۔پرویز مشرف دور میں صحافتی برادری کے مسائل حل کئے گئے اور شعبہ صحافت کو پھلنے پھولنے کا بھرپور موقع دیا گیا۔ صحافتی راہنماؤں اور کارکنان نے ان کے بیان کی تائید کی اور کہا کہ پرویز مشرف دور میں ملک میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے گئے۔اس موقع پر موجودصحافتی راہنماؤں نے ڈاکٹر محمد امجد کے پریس کلب آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :