سابق کپتان سلمان بٹ کو پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی ”زبانی“ اجازت مل گئی

بدھ 3 فروری 2016 23:06

سابق کپتان سلمان بٹ کو پاکستان سپر لیگ کھیلنے کی ”زبانی“ اجازت مل ..

لاہور(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار3 فروری- 2016ء)پی سی بی ون ڈے کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد سابق کپتان سلمان بٹ پر غیر ملکی کرکٹ کے دروازے بھی کھل گئے ، پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کی کرکٹ لیگ کھیلنے کی اجازت دے دی۔ پی سی بی کی جانب سے سلمان بٹ کو پی ایس ایل کھیلنے کی زبانی اجازت بھی دے دی گئی ہے جب کہ چند روز میں تحریری طور پر بھی اجازت ملنے کا امکان ہے ، سزا یافتہ کرکٹر نے آئی سی سی کی شرائط پوری کرنے کے علاوہ پی سی بی بحالی پروگرام بھی مکمل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی سی بی کے سی او او سبحان احمد نے ایک ملاقات میں سلمان بٹ کو زبانی یقین دہانی کر ا دی ہے کہ وہ پی ایس ایل بھی کھیل سکتے ہیں اور اگر کسی ٹیم کو لیگ کے دوران متبادل کھلاڑی کی ضرورت پیش آئی تو وہ کسی بھی فرنچائز کی جانب سے کھیلنے کے اہل ہو ں گے۔ تاہم سلمان بٹ کی جانب سے تحریری طور پر پی ایس ایل کھیلنے کی اجازت طلب کرنے کے لئے درخواست بورڈ میں جمع کرائی گئی ہے مگر سی او او سبحان احمد، پی سی بی چیئرمین شہر یار خان اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی اس وقت دبئی میں موجود ہیں جس کے باعث تحریری اجازت بارے تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے ۔