موجودہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار نہیں ‘ چیف الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سے وابستگی رکھتے ہیں، اسی لئے آج تک اے این پی کی جماعت اسلامی کے خلاف جعلی ووٹوں کی شکایت کا نوٹس نہیں لیا گیا‘ الیکشن کمیشن درست فیصلے کرتا تو آج اسے ان حالات کا سامنا نہ کرنا پڑتا

عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان کابیان

جمعرات 4 فروری 2016 16:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 فروری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار نہیں ہے‘ چیف الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں سے وابستگی رکھتے ہیں اسی لئے آج تک اے این پی کی جماعت اسلامی کے خلاف جعلی ووٹوں کی شکایت کا نوٹس نہیں لیا گیا‘ الیکشن کمیشن درست فیصلے کرتا تو آج اسے ان حالات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن جانبداری کا مظاہرہ کررہا ہے اور اس کے اعلیٰ عہدوں پر فائز افسران سیاسی جماعتوں سے وابستگی رکھتے ہیں جس کی وجہ سے درست فیصلے نہیں ہورہے جماعت اسلامی کے خلاف اے این پی نے جعلی ووٹوں کی شکایت کی تھی جس پر ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ جو جماعت الیکشن کمیشن کو دبائے یہ اس کے حق میں فیصلہ دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی خامیوں کی نشاندہی کرنے پر میڈیا پر پابندی عائد کرنے کی مذمت کرتے ہیں الیکشن کمیشن اگر درست فیصلے کرتا تو میڈیا پر پابندی عائد نہ کرنا پڑتی۔