Live Updates

کشمیری عوام کی سیاسی ، سفارتی ، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ،آ زاد کشمیر میں منصفانہ ،غیر جانبدارانہ الیکشن کیلئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کی جائے، عمران خان

آزاد کشمیر میں جلسوں کیلئے پورا وقت دوں گا، آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین بیرسٹر سلطان ہی ہونگے ،چیئرمین پی ٹی آئی

جمعرات 4 فروری 2016 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے جہاں ہم کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم انکی سیاسی ، سفارتی ، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے وہاں پر ہم آ زاد کشمیر میں منصفانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے لئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

میں آزاد کشمیر میں جلسوں کے لئے پورا وقت دوں گا۔ آزاد کشمیر میں پارلیمانی بورڈ کے چئیرمین بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ہونگے اور انکی سربراہی میں ہی بورڈ بنے گا۔ اگر یہاں آج کشمیر پی ٹی آئی کے سیکریٹیریٹ کے افتتاح کے موقع پر اتنے لوگ جمع ہیں تو جلسوں میں کیا حال ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں کشمیر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹیریٹ کے افتتاح کے موقع پر ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرآزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں منصفانہ انتخابات اسلئے بھی ضروری ہیں کیونکہ ان انتخابات کا تقابلی جائزہ مقبوضہ کشمیر کے انتخابات سے کیا جاتا ہے کیونکہ وہاں پر فراڈ اور جعلی انتخابات ہوتے ہیں۔اسلئے ہم یورپی یونین، اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو بھی آزاد کشمیر کے انتخابات کی مانیٹرنگ کی دعوت دیتے ہیں۔

ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کے بیس کیمپ کا بچہ بچہ انکی جدوجہد میں انکے ساتھ ہے۔اس موقع پر عمران خان نے مزید کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ن کی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہو رہا ہے اور اب ضروری ہے کہ اب ہر جگہ پی ٹی آئی کی حکومت ہو تاکہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر دبے ہوئے طبقات اور عوام کی حالت بہتر کرے تاکہ عام آدمی کی حالت بہتر ہو سکے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات