سینیٹر سعید غنی کاپیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی مزدور یونین پیپلز یونٹی کے عہدیداروں کی گمشدگی پر اظہار تشویش

جمعرات 4 فروری 2016 21:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سعید غنی نے پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والی مزدور یونین پیپلز یونٹی کے عہدیداروں کی گمشدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو انتباہ کیا ہے کہ لاپتہ کئے گئے مزدور رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پیپلزیونٹی کے صدر ہدایت اﷲ خان، نائب صدر ضمیر حسین چانڈیو، سیف اﷲ لاڑک اور منصور ڈھلوں احتجاج کے بعد لاپتہ کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی گمشدگی پر مذکورہ رہنماؤں کے خاندان کو پریشانی اور پارٹی کو تشویش ہے۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے اور یہ ذہن نشین کرلے کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کسی کو خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کی آڑ میں قومی اداروں کی لوٹ سیل کا ڈرامہ ختم کیا جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پی آئی اے کے ملازمین پر تشدد اور کارکنوں کو غیرقانونی ہراست میں لے کر لاپتہ کرنے کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کرے گی۔