کشمیری بہن بھائیوں کے بغیر ادھورے ہیں،علیحدگی کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا،پرویز مشرف ، ڈاکٹر امجد

شہداء کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بہت جلد آزادی نصیب ہوگی، مشترکہ بیان

جمعرات 4 فروری 2016 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 فروری۔2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر)پرویز مشرف اور مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے بغیر ادھورے ہیں،علیحدگی کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا،ہم نے مسئلہ کشمیر کا قابل عمل حل پیش کیاتھا جس پر بھارت متفق تھا مگربعد میں آنے والی حکومت نے یہ مسئلہ پس پشت ڈال دیا،شہداء کشمیر کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بہت جلد آزادی نصیب ہوگی۔

کل بھی دل و جان سے کشمیروں کے ساتھ تھے،آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی ء کشمیر کے حوالے سے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت بھول جائے کہ ظلم و جبر سے کشمیریوں کی قسمت کا فیصلہ اپنے حق میں کروا لے گا۔

(جاری ہے)

کشمیری بہن بھائی ہماری روح کے قریب ہیں اور ہم ان کے بغیر ادھورے ہیں۔ان سے علیحدگی کا سوچا بھی نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و بربریت سے کشمیریوں کی تقدیر کا فیصلہ بدل نہیں سکتا۔کشمیری ظلم کے آگے جھکے ہیں نہ جھکیں گے اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مسئلہ کشمیر کا قابل عمل حل پیش کیاتھا جس پر بھارت نے بھی اتفاق کیا تھا مگر بعد آنے والی حکومت نے اس پر کوئی پیش رفت نہ کی اور مسئلہ کشمیر سرد خانے میں ڈال دیا۔

ہماری کشمیر پالیسی پر عمل کیا جاتاتومسئلہ کشمیر حل ہوچکا ہوتا۔وقت ثابت کرے گا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مذاکرات ہماری بنائی ہوئی بنیادوں پر ہی ہوں گے۔ کشمیری خون سے اپنی تاریخ لکھ رہے ہیں ہمیں یقین ہے کہ آزادی کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جس کے بغیر زندہ رہنا ناممکن ہے۔ہم ہمیشہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ رہے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :