رواں ہفتہ کے اختتام پر راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان

جمعرات 4 فروری 2016 22:06

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 فروری۔2016ء) رواں ہفتہ کے اختتام پر جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، ہزارہ، گوجرانوالہ، لاہور، کوئٹہ، قلات ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اگلے ہفتے کے وسط میں شمالی بلوچستان، خیبر پختونخوا، فاٹا، پنجاب گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار کے بارانی علاقوں میں متوقع بارش سے گندم، چنا اور دالوں کی فصل پر اچھے اثرات مرتب ہونگے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ جمعرات کو ملک میں سب سے کم درجہ حرارت سکردو، پارا چنار، استور منفی 6، ہنزہ کالام منفی 5، گوپس منفی 4، دیر، بگروٹ، گلگت منفی 3، دالبندین، راولاکوٹ، ژوب، کوئٹہ منفی 2، مری، قلات منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :