امریکی بینڈ ارتھ، ونڈ اینڈ فائر کے بانی مورس وائٹ چل بسے

جمعہ 5 فروری 2016 12:10

امریکی بینڈ ارتھ، ونڈ اینڈ فائر کے بانی مورس وائٹ چل بسے

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 فروری۔2016ء)امریکی بینڈ ارتھ، ونڈ اینڈ فائر کے بانی مورس وائٹ انتقال کر گئے ہیں۔ان کی موت کی تصدیق ان کے بھائی نے کی ہے۔مورس وائٹ کا انتقال 74 برس کی عمر میں لاس اینجلس میں نیند کے دوران ہوا۔ وہ پارکنسن کے عارضے میں مبتلا تھے۔70 اور80 کی دہائی میں ان کے بینڈ نے متعدد کامیاب ترین گیت پیش کیے تھے جن میں سیپٹمبر، بوگی ونڈرلینڈ، شائننگ سٹار اور آفٹر دی لو ہیز گون قابل ذکر ہیں۔

مورس وائٹ میں پارکنسن کی تشخیص سنہ 1992 میں ہوئی تھی تاہم حالیہ چند ماہ میں ان کی حالت بگڑ گئی تھی۔ 2000 میں ارتھ، ونڈ اینڈ فائر کو راک اینڈ رول ہال آف فیم میں شامل کیا گیا تھا جبکہ مورس وائٹ کو 2010 میں انفرادی طور پر سونگ رائیٹرز ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔

(جاری ہے)

مورس وائٹ ریز کے نام سے بھی جانے جاتے تھے اور انھوں نے متعدد معروف فنکاروں کے ساتھ اپنے فن کے جوہر دکھائے تھے۔

دنیا بھر میں ارتھ، ونڈ اینڈ فائر کی نو کروڑ سے زائد البمز فروخت ہوچکی ہیں۔مورس وائٹ کے بھائی اور بینڈ کے رکن ورڈائن وائٹ نے خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ میرا بھائی، ہیرو اور بہترین دوست مورس وائٹ گذشتہ رات نیند میں پرامن انداز میں چل بساجبکہ دنیا ایک اور عظیم موسیقار اور لیجنڈ سے محروم ہوگئی ہے، ہمارا خاندان یہ گزارش کرتا ہے کہ ہماری نجی زندگی کا احترام کیا جائے گا کیونکہ ہمارے لیے یہ بہت مشکل وقت ہے اور ہماری زندگیاں تبدیل ہو رہی ہیں۔ آپ کی دعاوٴں اور نیک نماوٴں کا شکریہ۔