ورلڈ کپ کا تباہ کن سپیل ذہن سے نکال دو ، وسیم اکرم کا وہاب ریاض کو مشورہ

جمعہ 5 فروری 2016 12:37

ورلڈ کپ کا تباہ کن سپیل ذہن سے نکال دو ، وسیم اکرم کا وہاب ریاض کو مشورہ

دبئی (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار5فروری- 2016ء) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم نے وہاب ریاض کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اب ورلڈ کپ کے تباہ کن اسپیل سے باہر آجائیں ۔ ایک انٹرویو میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ وہاب کے پاس سپیڈ تو ہے مگر سوئنگ نہیں ، انھیں یہ بات ذہن میں رکھنا چاہیے کہ وہ ورلڈ کپ 2015ء کے اپنے ایک سپیل میں کھوئے ہوئے نہیں رہ سکتے ہیں ، اگر وہ خود کو پاکستان کے فرسٹ چوائس بولرز میں موجود رکھنا چاہتے ہیں تو انھیں جلد سے جلد اپنے مسائل حل کرنا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

سپاٹ فکسنگ کیس میں سزا مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عامر کے بارے میں وسیم اکرم نے کہا کہ اگرچہ انھوں نے اچھی بولنگ کی مگر چند مواقعوں پر ردھم میں دکھائی نہیں دیئے ، یقین ہے کہ وہ چند مزید انٹرنیشنل میچز کھیل کر اپنی پرانی فارم میں واپس آجائیں گے ۔ مارچ میں بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹی ٹونٹی کے حوالے سے وسیم اکرم نے کہا کہ اس ایونٹ کے بارے میں کوئی پیشگوئی کرنا بہت مشکل ہوگا کیونکہ ایک اوور یا ایک کیچ نقشہ بدل سکتا ہے ، قومی ٹیم اگرچہ نیوزی لینڈ میں اچھا پرفارم نہیں کرپائی مگر بھارتی کنڈیشنز اس کیلیے موزوں ہیں ، میرے خیال میں اس ایونٹ میں کسی ایشیائی ٹیم کو ہی فیورٹ ہونا چاہیے ۔