نواز شریف خود سیاسی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کرینگے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے،قمر زمان کائرہ

جمعہ 5 فروری 2016 14:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 فروری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا بیان افسوسناک ہے ، نواز شریف خود سیاسی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کرینگے تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف کے خطاب کے ردعمل میں سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف سیاست کی توہین کررہے ہیں اور اگر سیاست اتنی ہی بری ہے تو وہ سیاست کو خیر باد کہہ دیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف سے ایسے بیان کی توقع نہیں تھی کیونکہ ان کو پتہ ہونا چاہیے سیاست سے ہی اس ملک کے مسئلے حل ہوسکتے ہیں واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے یوم کشمیر کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کے دوران سیاستدانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ سیاسی عناصر قومی ایئر لائنز کی ترقی نہیں چاہتے انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں سیاستدان اس پر سیاست نہ کریں